محمد حفیظ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption محمد حفیظ کو پہلی مرتبہ کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کو پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے جبکہ مصباح الحق بدستور ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی کپتانی کرتے رہیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتان کی تقرری کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ذکاء اشرف نے جمعرات کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستان کی ٹیم کا اعلان بھی کیا گیا۔

ذکاء اشرف نے مصباح الحق کی کپتانی کی تعریف کی تاہم انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ٹیم کے مستقبل کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

لاہور سے بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے تینوں طرح کی کرکٹ کے لیے تین الگ الگ تین ٹیموں کا اعلان کیا اور کہا کہ مصباح الحق کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

اقبال قاسم کے مطابق تینوں طرح کی کرکٹ کے لیے تین مختلف وکٹ کیپر ہیں، ٹیسٹ ٹیم کے لیے عدنان اکمل، ون ڈے کے لیے سرفراز احمد اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے شکیل انصر کو رکھا گیا ہے۔

شکیل انصر کے بارے میں چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کی اضافی خوبی ان کی بیٹنگ ہے اور ٹی ٹوئنٹی میں انہیں ایسا وکٹ کیپر چاہیے تھا جو اچھی بیٹنگ بھی کرتا ہو۔

ٹیم میں سب سے حیران کن نام محمد سمیع کا تھا جو بین الاقوامی سطح پر اچھی کارکردگی نہ دکھانے کے باعث کافی دیر سے ٹیم سے باہر تھے تاہم اقبال قاسم کے مطابق انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور اس سیزن میں تیرہ میچز میں چھیاسٹھ وکٹیں لینے کے علاوہ چھ سو سینتس رنز بنائے ہیں اس لیے وہ میرٹ پر ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

محمد سمیع کو ٹی ٹوئنٹی، ون ڈے اور ٹیسٹ تینوں ٹیموں میں رکھا گیا ہے۔ یاسر عرفات کی بھی کافی عرصے کے بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تاہم وہ صرف ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔

پاکستان کے چیف سلیکٹر اقبال قاسم کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر کھلاری کو اس کی کارکردگی کی بنا پر رکھا ہے اور ٹیم میں کوئی سفارشی کھلاڑی شامل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کے انتخاب میں کوچ، کپتان کے مشورے کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس کی کارکردگی کو بھی مد نظر رکھا گیا ہے۔

اقبال قاسم نے کہا کہ کوشش یہ کی گئی کہ ٹیم کے نیوکلیئس کو زیادہ نہ چھیڑا جائے اور کچھ نوجوان اس لیے شامل کیے گیے تاکہ انہیں بین الاقوامی تجربہ دیا جائے۔

ٹیسٹ ٹیم:

محمد حفیظ، توفیق عمر،اظہر علی، مصباح الحق (کپتان) ،یونس خان، اسد شفیق، عدنان اکمل، عمر گل، سعید اجمل، عبدالرحمن، محمد سمیع، فیصل اقبال، جنید خان، آفاق رحیم، محمد ایوب ڈوگر اور اعزاز چیمہ۔

ون ڈے ٹیم:

محمد حفیظ، ناصرجمشید، یونس خان، مصباح الحق (کپتان)، عمر اکمل، سرفراز احمد، شاہد آفریدی، عمر گل،راحت علی، سعید اجمل، عبدالرحمن، محمد سمیع، اسد شفیق، اعزازچیمہ،اظہر علی اور عمران فرحت۔

ٹی ٹونٹی ٹیم:

خالد لطیف، احمد شہزاد، محمد حفیظ (کپتان)، شعیب ملک، عمر اکمل، شکیل انصر، شاہد آفریدی، یاسر عرفات، عمر گل، سہیل تنویر، سعید اجمل، رضا حسن، حارث سہیل، محمد سمیع، حماد اعظم اور ناصر جمشید۔

اسی بارے میں