’تلخ کلامی ہوئی مگر نشے میں نہیں تھا‘

شاہ رخ خان تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شاہ رخ خان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے بھی گالی گلوچ کی تھی

آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک اور بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان نے ان الزامات سے انکار کیا ہے کہ گزشتہ رات ممبئی کے وانکھیڑے سٹیڈیم میں جب سکیورٹی اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اہلکاروں سے ان کی تلخ کلامی ہوئی تو وہ شراب کے نشے میں تھے۔

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن نے شاہ رخ خان پر بدسلوکی کا الزام لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی تھی۔

یہ واقعہ بدھ کی رات کولکتہ نائٹ رائڈرز اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ کے بعد پیش آیا تھا۔ میچ شاہ رخ کی ٹیم نے بتیس رن سے جیت لیا تھا۔

جمعرات کو ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ رخ نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو لینے وانکھیڑے سٹیڈیم گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’بچے اس وقت باؤنڈری کے قریب بال سے کھیل رہے تھے کہ ایک سکیورٹی گارڈ نے انہیں میدان سے باہر دھکیلنا شروع کیا۔۔۔میں اوپر سے یہ دیکھ رہا تھا، میں نے آ کر اسے روکا تو اس نے مراٹھی زبان میں کچھ ایسی بات کہی جو میں دہرانا نہیں چاہتا۔۔۔اس کے بعد مجھے بھی غصہ آگیا‘۔

شاہ رخ خان نے اعتراف کیا کہ غصے میں انہوں نے بھی گالی گلوچ کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’ تیرہ سال سے بھی کم عمر کی لڑکی کو پکڑ کر دھکیلا جارہا تھا، یہ میں برداشت نہیں کرسکتا۔۔۔ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اہلکار ٹی وی پر طرح طرح کے الزامات لگا رہے ہیں لیکن انہیں اپنے رویہ کے بارے میں بھی سوچنا چاہیے ۔۔۔ان کا رویہ بہت جارحانہ تھا۔۔۔سکیورٹی کےنام پر آپ بچوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک نہیں کر سکتے‘۔

اس سے پہلے ممبئی پولیس کے نائب کمشنر اقبال شیخ نے نامہ نگاروں کو بتایا تھا کہ اس وقت شاہ رخ خان کے ’منہ سے شراب کی مہک آرہی تھی‘ اور وہ ایم سی اے کے اہلکاروں کو گالیاں اور دھمکیاں دے رہے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ میچ کے بعد کچھ بچوں کے ساتھ میدان میں کھیل رہے تھے کہ انہیں سکیورٹی اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی جس پر بات بڑھ گئی۔

اقبال شیخ ایم سی اے کی مینیجنگ کمیٹی کے رکن ہیں اور وہ خود اس وقت سٹیڈیم میں موجود تھے۔

اقبال شیخ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ اگر شاہ رخ نے شراب پی رکھی تھی تو ان کے خون کی جانچ کیوں نہیں کرائی گئی، تو ان کا کہنا تھا کہ ’شراب پینا کوئی جرم نہیں ہے۔ اس وقت صورتحال بگڑ رہی تھی اس لیے میں نے شاہ رخ خان کو سٹیڈیم سے نکالا۔۔۔ابتدائی تفتیش جاری ہے اور اگر ضرورت پڑی تو شاہ رخ خان کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا‘۔

ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہ اور وفاقی وزیر ولاس راؤ دیش مکھ کے مطابق ایم سی اے نے وانکھیڑے سٹیڈیم میں شاہ رخ کے داخلے پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے اور اس سلسلے میں ایسوسی ایشن کا اجلاس جمعہ کو طلب کیا گیا ہے۔

تاہم بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نائب صدر اور آئی پی ایل کے کمشنر راجیو شکلا نے دلی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ فرینچائز کےمالک اور ایم سی اے سے بات کرنے اور اس واقعہ پر پولیس کی رپورٹ دیکھنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

اسی بارے میں