ناصر جمشید، سری لنکا کے دورے سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption پاکستانی کرکٹ ٹیم انتیس مئی کو کولمبو روانہ ہوگی جہاں وہ دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ناصر جمشید انگلی میں فریکچر کے سبب سری لنکا کے دورے سے باہر ہوگئے ہیں۔

وہ سری لنکا کے دورے کے لیے اعلان کردہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سکواڈ میں شامل تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق ناصر جمشید کے بائیں ہاتھ کی انگلی میں فریکچر ایک کلب میچ کھیلتے ہوئے ہوا۔ ان کی صحت یابت میں چار سے چھ ہفتے لگیں گے۔

ان کے متبادل کھلاڑی کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ناصر جمشید سولہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک سنچری اور پانچ نصف سنچریوں کی بدولت پانچ سو چھیالیس رنز بناچکے ہیں۔

انہوں نے چار سال قبل ون ڈے کریئر کا آغاز کیا تھا لیکن ڈیڑھ سال بعد ہی وہ خراب کارکردگی کی بنا پر ٹیم سے رخصت کردیے گئے تھے۔ ان کی واپسی اس سال ایشیا کپ میں ہوئی جس میں انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف نصف سنچری اور بھارت کے خلاف سنچری سکور کی۔

ناصر جمشید کا کریئر بیماری اور فٹنس مسائل کا بھی شکار رہا ہے۔ ایک مرتبہ وہ بخار میں مبتلا ہونے کے سبب ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز نہ کھیل سکے جبکہ دوسری مرتبہ ہمسٹرنگ کی تکلیف نے انہیں آسٹریلیا کے خلاف صرف ایک میچ کے بعد سیریز سے باہر کر دیا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم انتیس مئی کو کولمبو روانہ ہوگی جہاں وہ دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔

اسی بارے میں