ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں:مائیکل اوون

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption مائیکل اوون زخمی ہونے کی وجہ سے اس سیزن میں صرف چار میچ کھیل پائے تھے

انگلش فٹبالر مائیکل اوون کا کہنا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے معاہدے کی تجدید نہ کیے جانے کے باوجود ان کا ریٹائر ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

بتیس سالہ اوون کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں مختصر دورانیے کی تعطیلات کے دوران غور کریں گے لیکن ابھی وہ پریمیئر لیگ سے اپنا کیریئر ختم کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’چیمپیئن شپ ابھی میرے لیے آپشن نہیں ہے۔ میں یہ سمجھتا رہنا چاہتا ہوں کہ میں نے اعلیٰ ترین درجے پر گول کرنے کی صلاحیت نہیں کھوئی ہے‘۔

سکائی سپورٹس نیوز سے بات چیت کے دوران انگلینڈ کی قومی ٹیم کے سابق رکن نے کہا کہ ’میں اب بھی کھیلتے ہوئے اچھا محسوس کرتا ہوں۔ اگرچہ میں کئی بار زخمی ہوا ہوں لیکن اب بھی ہر صبح جب میں اٹھتا ہو تو میرے جوڑوں میں درد نہیں ہوتا‘۔

مائیکل اوون مانچسٹر یونائیٹڈ کے علاوہ ماضی میں لیورپول اور نیوکاسل جیسے برطانوی کلبوں اور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کے لیے کھیل چکے ہیں۔

انہیں اپنے معاہدے میں توسیع نہ کیے جانے کی اطلاع منگل کو ملی تھی۔ ٹوئٹر پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس (مانچسٹر یونائیٹڈ) جیسے شاندار کلب میں گزارے ہوئے ہر لمحے سے پیار ہے‘۔

مائیکل اوون زخمی ہونے کی وجہ سے مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے اس سیزن میں صرف چار میچ کھیل پائے تھے۔

انہوں نے انگلینڈ کے لیے آخری میچ فرانس کے خلاف سنہ 2008 میں کھیلا تھا۔ انہوں نے نواسی بین الاقوامی مقابلوں میں انگلینڈ کے لیے چالیس گول سکور کیے ہیں

اسی بارے میں