لندن اولمپکس، مشعل انگلینڈ پہنچ گئی

تصویر کے کاپی رائٹ PA

یونان کے دارالحکومت ایتھنز سے ایک خصوصی جہاز کے ذریعے اولمپکس شعلہ انگلینڈ پہنچ گیا ہے جہاں سنیچر سے اولمپکس مشعل اپنے ستّر روزہ سفر کا آغاز کرے گی۔

جمعہ کو انگلینڈ کے ہوائی اڈے کورنش پر اس شعلے کو ایک خصوصی طیارے’ فائر فلائے‘ کے ذریعے یونان سے لایا گیا۔

اڈے پر ایک خصوصی تقریب میں انگلینڈ کے فٹبالر ڈیوڈ بیکھم نے اس شعلے کی مدد سے ایک بڑی ’طشتری‘ کو روشن کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ’ یہ سب کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔‘

تقریب میں برطانیہ کے نائب وزیراعظم نک کلیگ سمیت پانچ سو نمایاں شخصیات موجود تھیں۔

اولمپکس مشعل کا برطانیہ میں سفر: تصاویر

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب اس مشعل کو سخت حفاظتی انتظامات میں ہوائی اڈے پر رکھا جائے گا اور سنیچر کی صبح برطانوی بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے پچیس میل دور لینڈر اینڈ کے علاقے میں پہنچایا جائے گا جہاں سے مشعل انگلینڈ میں اپنے آٹھ ہزار میل لمبا ستّر روزہ سفر کا آغاز کرے گی۔

اس سفر کے دوران آٹھ ہزار افراد یہ مشعل اٹھائیں گے اور یہ ایک ہزار شہروں، قصبوں اور دیہات سے گزرے گی۔

چھبیس جولائی کو اولمپکس مشعل آخرِ کار برطانوی درالحکومت لندن پہنچے گی اور ستائیس جولائی کو مشرقی لندن میں واقع اولمپکس سٹیڈیم سٹریٹفرڈ پہنچے گی جہاں پر اولمپکس گیمز کی افتتاحی تقریب منعقد ہو گی۔

اس سے پہلے دس مئی کو یونان کے قدیم شہر اولمپیا میں اولمپکس کو روشن کیا گیا اور لندن اولمپکس کی الٹی گنتی کا آغاز ہوا تھا۔

یہ مشعل ایک ہفتے تک یونان کے اند تقریباً انتیس سو کلومیٹر کا سفر کرنے کے بعد سترہ مئی کو ایتھنز کے پیناتھیانک سٹیڈیم میں پہنچی تھی جہاں اسے لندن اولمپکس کے منتظمین کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

اسی بارے میں