اولمپکس: پاکستان کا پہلا میچ سپین سے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بیجنگ اولمپکس میں پاکستانی ٹیم آٹھویں نمبر پر رہی تھی

پاکستانی ہاکی ٹیم لندن اولمپکس میں اپنا پہلا میچ اسپین کے خلاف تیس جولائی کو کھیلے گی۔

پاکستان اس وقت عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے اور اسے اولمپکس کے لیے پول اے میں رکھا گیا ہے۔

پول اے کی دیگر ٹیموں میں عالمی نمبر ایک آسٹریلیا، سپین، ارجنٹائن، جنوبی افریقہ اور میزبان برطانیہ شامل ہیں جبکہ پول بی اولمپک چیمپئن جرمنی، ہالینڈ، بھارت، جنوبی کوریا، بیلجیئم اور نیوزی لینڈ پر مشتمل ہے۔

لندن اولمپکس میں ہاکی میچز تیس جولائی سے گیارہ اگست تک کھیلے جائیں گے۔

پاکستانی ٹیم تیس جولائی کو سپین کے خلاف میدان میں اترے گی اور یکم اگست کو اس کا دوسرا میچ ارجنٹائن کےخلاف ہوگا۔

تین اگست کو پاکستانی ٹیم کا تیسرا میچ برطانیہ سے ہوگا۔ پانچ اگست کو جنوبی افریقہ ٹیم پاکستان کے مقابل ہوگی اور سات اگست کو پاکستان کامقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پاکستان کے پول میں شامل آسٹریلیا، برطانیہ اور جنوبی افریقہ چار سال قبل بیجنگ اولمپکس میں بھی اس کے پول میں شامل تھیں اور پاکستان کو برطانیہ نے دو کے مقابلے میں چار گول سے اور آسٹریلیا نے اسے ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔

پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کو تین ایک سے ہرانے میں کامیاب رہی تھی لیکن مجموعی طور پر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارہ ٹیموں میں اس نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی تھی جو اولمپک ہاکی تاریخ میں اس کی بدترین کارکردگی ہے۔

جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی پاکستان کو 2010 ء کے عالمی کپ میں تین کے مقابلے میں چار گول سے ہرا چکی ہے۔

اسی بارے میں