پی سی بی نے کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ دے دیے

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اس سال شاہد آفریدی اور شعیب ملک کو بھی سینٹرل کانٹریکٹ دیے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیالیس پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں کو سینٹرل کانٹریکٹ دے دیے ہیں۔

ان کانٹریکٹوں کی معیاد یکم جنوری دو ہزار بارہ سے اکتیس دسمبر دو ہزار بارہ تک ہوگی۔

پی سی بی نے اس مرتبہ اکیس کھلاڑیوں کو مکمل کانٹریکٹ دیے ہیں جبکہ اکیس کھلاڑیوں کو مشاہرہ حاصل کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

سینٹرل کانٹریکٹ میں اے، بی اور سی کے تین درجات ہیں۔

مصباح الحق، عمر گُل، محمد حفیظ، سعید اجمل، شاہد آفریدی، یونس خان، عبدالرحمان اور عمر اکمل کو اے درجہ کے کانٹریکٹ دیے گئے ہیں۔ شاہد آفریدی گزشتہ سال کی کانٹریکٹ لسٹ میں شامل نہیں تھے جبکہ عمر اکمل کو گزشتہ سال بی درجہ کا کانٹریکٹ دیا گیا تھا۔

سابق کپتان شعیب ملک، توفیق عمر، اظہر علی، اسد شفیق، جنید خان اور اعزاز چیمہ کو بی درجہ کے کانٹریکٹ دیے گئے ہیں۔

شعیب ملک کو بھی گزشتہ سال کانٹریکٹ نہیں دیا گیا تھا۔

گزشتہ سال بی درجہ میں شامل آل راؤنڈر عبدالرزاق کو اس مرتبہ کانٹریکٹ نہیں دیا گیا۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم میں طویل عرصے کے بعد واپس آنے والے فاسٹ بولر محمد سمیع کو بھی کانٹریکٹ نہیں دیا گیا ہے۔

اس اضافے کے بعد پاکستان کے اے درجے کے ہر کھلاڑی کو ماہانہ تقریباَ َ ماہانہ تین لاکھ بارہ ہزار روپے ، بی درجے کے ہر کھلاڑی کو ماہانہ تقریباَ َ دولاکھ اٹھارہ ہزار روپے ، سی درجے کے ہر کھلاڑی کو ایک لاکھ پچیس ہزار ماہانہ ملیں گے۔ جبکہ مشاہرہ حاصل کرنے والے اکیس کھلاڑیوں کو ساڑھے باسٹھ ہزار روپے ملیں گے۔

مشاہرہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں سہیل تنویر، خالد لطیف ، شاہ زیب حسن سمیت اکیس کھلاڑی شامل ہیں۔

اعزاز چیمہ جو گزشتہ سال مشاہرہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل تھے انہیں بی درجہ کا کانٹریکٹ دیا گیا ہے۔

سرفراز احمد، عدنان اکمل، حماد اعظم، وہاب ریاض، عمران فرحت، فیصل اقبال اور ناصر جمشید سی درجہ کے کانٹریکٹ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ جمعے کو پی سی بی نے کھلاڑیوں کے معاوضوں میں پچیس فیصد اور میچ فیس کی مد میں دس فیصد اضافے کا اعلان کیا تھا۔

اسی بارے میں