فٹبال: جان روڈی انگلش سکواڈ سے باہر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

برطانیہ کی فٹبال ٹیم کے گول کیپر جان روڈی انگلی ٹوٹ جانے کے بعد انگلینڈ کے یورو سنہ دو ہزار بارہ کے سکواڈ سے باہر ہو گئے ہیں۔

پچیس سالہ روڈی نے قومی ٹیم کی جانب سے پہلا میچ کھیلنا تھا۔انہیں برطانوی ٹیم کے نئے مینیجر رائے ہڈسن نے ٹیم میں شامل کیا تھا۔

روڈی کے سکواڈ سے باہر ہونے کے بعد ان کی جگہ اب مانچسٹر سٹی کے جو ہارٹ برطانوی ٹیم کے گول کیپر ہوں گے۔

برمنگھم سٹی کے انیس سالہ جیک بٹ لینڈ کو روڈی کے متبادل کے طور پر برطانوی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے جان روڈی کو برطانوی سکواڈ میں ’سٹینڈ بائی لسٹ‘ پر رکھا گیا تھا اور انہوں نے دو جون کو بیلجیئم کے خلاف ہونے واے وارم اپ میچ میں کھیلنا تھا۔

فٹبال ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ کے مطابق جان روڈی جمعہ کو قومی ٹیم کے ہمراہ ناروے جائیں گے اور سنیچر کو اوسلو میں ہونے والا دوستانہ میچ دیکھیں گے۔

واضح رہے کہ جان روڈی کی شادی دو جون کو طے ہے اور اسی دن انگلینڈ نے بھی بیلجیئم کے خلاف وارم اپ میچ کھیلنا ہے۔

جان روڈی نے کیمرج کلب کی جانب سے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور اٹھارہ سال کی عمر میں ایورٹن کلب میں شمولیت اختیار کی۔

روڈی کی جگہ برطانوی ٹیم میں جگہ بنانے والے انیس سالہ جیک بٹ لینڈ نے برمنگھم کی سینئیر ٹیم کی جانب سے ابھی کوئی میچ نہیں کھیلا تاہم وہ چیلتھم کلب کی جانب سے چوبیس میچ کھیل چکے ہیں۔

اسی بارے میں