فرنچ اوپن:سیرینا ولیمز کو اپ سیٹ شکست

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption سیرینا کو پہلی بار کسی گرینڈ سلام کے پہلے راؤنڈ میں شکست ہوئی ہے

پیرس میں جاری فرنچ اوپن گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں خواتین کے مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں عالمی درجہ بندی میں ایک سو گیارہویں نمبر پر موجود فرانسیسی کھلاڑی ورجین رازانو نے سابق چیمپیئن امریکہ کی سرینا ولیمز کو ہرا دیا ہے۔

دو ہزار دو میں فرنچ اوپن جیتنے والی سیرینا کے کیرئر میں پہلا موقع ہے کہ انہیں کسی گرینڈ سلام مقابلے کے پہلے ہی راؤنڈ میں شکست ہوئی ہے۔

ورجین رازانو نے تین گھنٹے تین منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں سیرینا کو چار چھ، سات چھ اور چھ تین کے سکور سے ہرایا۔

فتح کے بعد رازانو نے کہا کہ ’میں یقینی طور پر کچھ گھبرائی ہوئی تھی جو شاید میرے لیے بہتر ثابت ہوا۔ یہ میرے کیرئر کی سب سے خوبصورت فتح ہے‘۔

دیگر میچز میں سیکنڈ سیڈ ماریا شراپووا نے الیگزینڈرا کڈانٹو کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دینے میں صرف اڑتالیس منٹ لگائے۔

اس ٹورنامنٹ میں سیرینا اور شراپووا ایک ہی گروپ میں تھیں اور کوارٹر فائنل مرحلے میں دونوں کا مقابلہ ممکن تھا لیکن سیرینا صرف پہلے راؤنڈ کی مہمان ثابت ہوئیں۔

اسی بارے میں