فرنچ اوپن:اعصام،جولین کا فاتحانہ آغاز

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption لندن اولمپکس میں شرکت یقینی بنانے کے لیے اس ٹورنامنٹ میں اعصام کو شاندار کارکردگی دکھانا ہوگی

پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی ژاں جولین راجر نے فرنچ اوپن میں ڈبلز مقابلوں میں اپنا افتتاحی میچ جیت لیا ہے تاہم اعصام کو مکسڈ ڈبلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پیرس میں رولینڈ گیروس میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے ڈبلز مقابلوں کے پہلے راؤنڈ میں اعصام اور ان کے ساتھی نے جوناتھن ڈی ویگی اور نکولس ریناوینڈ کی فرانسیسی جوڑی کو ہرایا۔

بدھ کو کھیلا گیا یہ میچ اعصام اور جولین نے سٹریٹ سیٹس میں چھ تین اور چھ دو سے جیتا۔

دوسرے راؤنڈ میں اس جوڑی کا مقابلہ جرمنی کے بیون فاؤ اور کینیڈا کے عادل شمس الدین سے ہوگا۔

مسکڈ ڈبلز میں اعصام اور ان کی چیک ساتھی اندریا ہیلواکووا کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہوگیا اور انہیں جیلینا واسکوبوئیوا اور ڈینیل براکیالی کی جوڑے نے چھ چار اور چھ دو سے شکست دی۔

اعصام الحق کو لندن اولمپکس میں اپنی شرکت یقینی بنانے کے لیے اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

اولمپکس میں عالمی رینکنگ میں ابتدائی دس درجوں پر موجود کھلاڑی خودبخود شمولیت کے اہل ہوتے ہیں اور اعصام کو ڈبلز میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے لیے چودہ سو سے زائد رینکنگ پوائنٹس درکار ہیں۔

اسی بارے میں