’یوکرائن یورو فٹبال کی میزبانی کرے‘

Image caption محترمہ تھاموشینکو نے سنہ دو ہزار چار میں یوکرائن میں آنے والے ’اورینج ریوولیشن‘ میں اہم رول ادا کیا تھا

یوکرائن کی جیل میں قید حزبِ اختلاف کی رہنما یولیا تھوموشنکو کی بیٹی یوجینا تھوموشنکو نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ یوکرائن کو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق اس سال یورو فٹبال کپ کی میزبانی کرنی چاہیے۔

واضح رہے کہ یورو فٹبال کپ دو ہزار بارہ آٹھ جون سے شروع ہو رہا ہے جس کی مشترکہ میزبانی یوکرائن اور پولینڈ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وہ یوکرائن میں کھیلے جانے والے میچوں کا یولیا تھوموشنکو سے ہونے والے سلوک کے خلاف بطورِ احتجاج بائیکاٹ کریں گے۔

یوجینا تھوموشنکو کا کہنا ہے کہ وہ یورپی رہنماؤں کے سیاسی بائیکاٹ کو سمجھتی ہیں جو قانون کو تحفظ دیتے ہیں، انسانی حقوق کا احترام کرتے ہیں اور جو یوکرائن جا کر صدر وکٹر یانوکووچ سے ہاتھ نہیں ملا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ماں نے اپنی حکومت کے دوران یوکرائن میں یورو فٹبال کپ کی میزبانی کے لیے جدوجہد کی تھی۔

محترمہ تھاموشینکو نے سنہ دو ہزار چار میں یوکرائن میں آنے والے ’اورینج ریوولیشن‘ میں اہم رول ادا کیا تھا۔

اپنی گرفتاری کے حوالے سے یولیا تھوموشنکو کا کہنا تھا کہ انہیں یوکرائن کے صدر وکٹر یانوکووچ نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا تاہم یوکرائن کے حکام نے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

یوکرائن کی سابق وزیر اعظم یولیا تھوموشنکو کو مبینہ طور پر اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے پر سات سال کی قید سنائی گئی تھی۔

اسی بارے میں