فرنچ اوپن:اعصام الحق تیسرے راؤنڈ میں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption دوسرے راؤنڈ میں اعصام اور جولین نے ٹائی بریکر پر کامیابی حاصل کی

پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی جولین راجر فرنچ اوپن میں ڈبلز مقابلوں کے تیسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔

پیرس میں رولینڈ گیروس میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے ڈبلز مقابلوں کے دوسرے راؤنڈ میں اعصام اور ان کے ساتھی نے جرمنی کے بیون فاؤ اور کینیڈا کے عادل شمس الدین کی جوڑی کو ہرایا۔

جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں اعصام اور جولین نے پہلا سیٹ چھ تین سے جیتا تاہم نبیون اور عادل نے دوسرے سیٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اسی سکور سے سیٹ جیت کر میچ برابر کر دیا۔

تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں کانٹے کا مقابلہ ہوا اور میچ کا فیصلہ ٹائی بریکر پر ہوا اور اعصام اور ان کے ساتھی نے اس سیٹ میں سات چھ سے کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے کہ اعصام الحق کو لندن اولمپکس میں اپنی شرکت یقینی بنانے کے لیے اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

اولمپکس میں عالمی رینکنگ میں ابتدائی دس درجوں پر موجود کھلاڑی خودبخود شمولیت کے اہل ہوتے ہیں اور اعصام کو ڈبلز میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے لیے چودہ سو سے زائد رینکنگ پوائنٹس درکار ہیں۔

اسی بارے میں