پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ تین جون کو کھیلا جائے گا

سری لنکا نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سینتیس رنز سے شکست دے کر دو میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

ایک سو تینتیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم صرف پچانوے رنز کے مجموعی سکور پر ڈھیر ہو گئی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ اور شکیل انصر نے اننگز کا آغاز کیا۔ سری لنکا کی طرح پاکستان کا آغاز بھی تباہ کن تھا اور صفر کے مجموعی سکور پر اس کے دونوں کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔

سری لنکا نے بالروں نے اپنی عمدہ بالنگ کی بدولت پاکستانی بلے بازوں کو وکٹ پر ٹھہرنے نہ دیا اور اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی رہیں۔

پاکستان کے نو بلے بازوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا جبکہ احمد شہزاد نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے چھتیس رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔

سری لنکا کی جانب سے کالو سیکرا، ملنگا اور میتھیوز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو بتیس رنز بنائے۔

سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف گیارہ رنز کے مجموعی سکور پر اس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

سری لنکا کے بلے باز پاکستانی بالروں کی عمدہ بالنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ سری لنکا کی جانب سے تھرمین نے پانچ چوکوں کی مدد سے تیس رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر نے تین، سعید اجمل نے دو اور محمد سمیع نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جمعہ کو کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ تین جون کو کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں