فرنچ اوپن:اعصام اور جولین سیمی فائنل میں

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کوارٹر فائنل میں اعصام اور جولین کی جوڑی کو واک اوور مل گیا

پاکستان کے ٹینس سٹار اعصام الحق اور ان کے ساتھی جولین راجر فرنچ اوپن میں ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔

پیرس میں کھیلے جا رہے ٹورنامنٹ کے ڈبلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میں اعصام اور ان کے ساتھی کا مقابلہ فرانس کے مائیکل لوڈرا اور سربیا کے نیناند زمونجک سے تھا۔

منگل کی شام کھیلے گئے میچ میں اعصام اور جولین نے پہلا سیٹ چھ چار سے جیتا اور دوسرے سیٹ میں جب سکور اعصام اور جولین کے حق میں دو ایک تھا تو ان کے مدِمقابل جوڑی کے رکن لوڈرا کمر میں تکلیف کی وجہ سے ریٹائر ہوگئے۔

سیمی فائنل میں ٹورنامنٹ کی درجہ بندی میں دسویں نمبر پر موجود اعصام اور جولین کا مقابلہ سیکنڈ سینڈ برائن برادرز کی جوڑی سے ہوگا جنہیں انہوں نے میڈرڈ اوپن میں بھی شکست دی تھی۔

خیال رہے کہ اعصام الحق کو لندن اولمپکس میں اپنی شرکت یقینی بنانے کے لیے اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔

اولمپکس میں عالمی رینکنگ میں ابتدائی دس درجوں پر موجود کھلاڑی خودبخود شمولیت کے اہل ہوتے ہیں اور اعصام کو ڈبلز میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں شامل ہونے کے لیے چودہ سو سے زائد رینکنگ پوائنٹس درکار ہیں۔

اسی بارے میں