یووراج سنگھ کرکٹ میں واپسی کے لیے پرامید

یوراج سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption یوراج سنگھ ایک بہترین کھلاڑی ہیں

بھارتی کرکٹ کھلاڑی یووراج سنگھ نے کہا ہے کہ وہ صحتیاب ہورہے ہیں اور جلد ہی کرکٹ میں اپنی واپسی کے لیے پرامید ہیں۔

یووراج سنگھ کے پھیپھڑے میں کینسر تھا اور اس کے علاج کے لیے وہ گزشتہ جنوری میں امریکہ گئے تھے۔ تین مہینے بعد وہاں سے علاج کرواکر بھارت آئے تھے۔

امریکہ سے وہ پہلے لندن گئے تھے جہاں کچھ روز گزارنے کے بعد دلی پہنچے تھے۔

کیموتھراپی کے سبب ان کے سر پر بال نہیں رہے لیکن انکے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی صحتیاب ہوجائیں گے اور کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یووراج سنگھ نے لکھا ’آج کا دن اچھا ہے۔ آج مجھے اپنے خون کی رپورٹ اور سکین ملا ہے۔ مجھے نارمل زندگی گزارتے ہوئے بہت اچھا لگ رہا ہے۔ جشن منانے کا وقت آگیا ہے۔ کرکٹ میں واپسی کوئی چیلنج نہیں ہے۔ بلکہ یہ بتانا ہے کہ کینسر کے باوجود میں یہ کرسکتا ہوں۔‘

بھارتی بلے باز یووراج سنگھ نےگزشتہ برس کرکٹ کے عالمی کپ میں بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا اورانہیں مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گيا تھا۔

امریکہ سے آنے کے بعد انہوں نے بھارت کی جیت کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یوٹیوب پر جاری ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ بلے باز سچن تندولکر سے بہت متاثر ہیں اور ورلڈ کپ میں ’خاص طور پر سب کچھ سچن تندولکر کی خاطر کیا تھا‘۔

یووراج سنگھ کی صحت گذشتہ برس ورلڈ کپ کے بعد خراب ہوئی تھی۔ بھارت نے انیس سو تراسی کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ جیتا تھا۔

اسی بارے میں