دھونی نیپال میں کرکٹ کے سفیر

مہندر سنگھ دھونی تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مہندر سنگھ دھونی کو نیپال کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو نیپال میں کرکٹ کا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔

نیپال کے سیاحت اور شہری ہوابازی کے وزیر پوسٹا بہادر بوگاتی نے اس بات کا اعلان کیا۔

نیپال کے سیاحتی بورڈ کا خیال ہے کہ دھونی کو نیپال کرکٹ کا سفیر بنانے سے وہاں سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

بھارت کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو میں سنیچر کے روز ایک تقریب کے دوران دھونی کو نیپال کرکٹ کا سفیر بنایا گیا۔

کٹھمنڈو کی اس تقریب میں دھونی نے نیپال کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدہ داروں اور اپنے مداحوں سے بات چیت کی۔

دھونی اپنی شریک حیات ساکشی کے ساتھ نیپال کے دو دن کے دورے پر ہیں۔ بھارت واپسی سے قبل وہ پشوپتی ناتھ کے مشہور مندر بھی جائیں گے۔

کرکٹ کی اہمیت و افادیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ ’ کرکٹ نیپال کا کھیل بننے والا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ نیپالی نوجوان آنے والے دنوں میں ایک مشہور کرکٹ ٹیم بنائیں‘۔

دھونی نے یہ بھی کہا کہ نیپال میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کرنے میں انھیں خوشی ہوگی۔

نیپال میں بھارت کے سفیر جینت پرشاد بھی اس تقریب میں شامل تھے۔

اسی بارے میں