سیمی فائنل کا کوئی دباؤ نہیں: رونالڈو

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

پرتگال کی فٹبال ٹیم کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو نے اس بات کی تردید کی ہے کہ ان پر سپین کے خلاف یورو فٹبال ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوئی دباؤ ہے۔

فٹبال کلب ریال میڈرڈ سے تعلق رکھنے والے ستائیس سالہ رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے آخری دو میچوں کے دوران اب تک تین گول کیے ہیں۔

پرتگال کو رونالڈو سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جبکہ رونالڈو کا ان دو میچوں کے بارے میں کہنا ہے کہ یہ میچ ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے نیدر لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں دو گول کیے تھے۔

اس میچ کے بعد کرسٹیانو نے چیک ریپبلک کے خلاف فیصلہ کن گول کیا۔

واضح رہے کہ پرتگال اور سپین یورو فٹبال ٹورنامنٹ دو ہزار بارہ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے خلاف مدِ مقابل ہوں گے۔

یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق بدھ کی رات گیارہ بج کر پینتالیس منٹ پر کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب سپین نے یورو فٹبال ٹورنامنٹ کے دوران اب تک اپنے تمام میچ جیتے ہیں تاہم اس کا اٹلی کے خلاف کھیلا والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔

سپین نے ان میچوں کے دوران اب تک آٹھ گول کیے ہیں جبکہ ان کے خلاف صرف ایک گول ہوا ہے۔

پرتگال آخری بار سنہ دو ہزار چار میں لزبن میں منعقد ہونے والے کسی بڑے ٹورنامنٹ کے دوران فائنل میں پہنچا تھا تاہم اسے یونان نے فائنل میں شکست دی تھی۔

اسی بارے میں