پاکستان اور بھارت مشترکہ چیمپیئن

ایشیا کپ تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بھارت پاکستان انڈر 19 کے ایشیا کپ کے مشترکہ فاتح ہیں۔

ملائیشیا میں کھیلے گئے انیس سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان اور بھارت کا میچ برابر رہا ہے اور دونوں ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا ہے۔

کوالالمپور کے کنارا اوول میدان پر لگ بھگ دو ہزار شائقین کی موجودگی میں انڈر- 19 ایشیا کپ کی طلائی ٹرافی بھارت اور پاکستان کے کپتانوں انمکت چند اور بابر اعظم کو مشترکہ طور پر دی گئی۔

اس میچ میں پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے سمیع اسلم نے ایک سو چونتیس رنز کی شاندار اننگز کھیلی

دو سو تراسی رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کو آخری اوور میں سات رنز اور اس اوور آخری گیند پر محض ایک رن کی ضرورت تھی لیکن بھارت کے بلے باز مطلوبہ رن نہیں بنا سکے اور پاکستان کے گیند باز احسان عادل نے آخری گیند پر وکٹ لے کر پاکستان کو شکست سے بچا لیا۔

بھارت کی جانب سے انمکت چند نے ایک سو اکیس رنز بنائے اور انہیں پاکستان کے سمیع اسلم کے ہمراہ مشترکہ مین آف دی میچ اعزاز دیا گیا۔

واضح رہے کہ سمیع اسلم کو ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز کے اعزاز سے بھی نوازا گیا جبکہ سری لنکا کے گیند باز تھریندو کوشل کو بہترین گیند باز کا اعزاز ملا۔

اب یہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی کا انڈر نائٹین عالمی کپ کھیلنے آسٹریلیا جائیں گی جو اگست میں شروع ہو رہا ہے۔