ماریہ شراپووا کی ومبلڈن میں شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ماریہ شیراپووا اس وقت عالمی نمبر ایک پر ہیں

پیر کے روز عالمی نمبر ایک روس کی ماریہ شراپووا جرمن کھلاڑی سابین لیسکی سے چھ چار اور چھ تین سے شکست کے بعد ومبلڈن ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔

شراپووا نے ایک ماہ قبل ہی کریئر گرینڈ سلیم مکمل کیا تھا۔

خواتین کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں پندرہویں نمبر کی لیسکی نے دو ہزار چار کی ومبلڈن چیمیئن کو پہلی بار مات دی ہے۔ اس سے قبل ان کے بیچ تین میچ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک گزشتہ سال کا ومبلڈن سیمی فائنل بھی تھا۔

دوسری جانب چار مرتبہ ومبلڈن کی فاتح سرینا ویلیمز اور دفاعی چیمپیئن پترا کوتووا بھی فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔

چار مرتبہ گرینڈ سلیم چیمپیئن کم کیلیئسٹرز جرمنی کی ایجلیق کربر سے چھ ایک، چھ ایک سے ہار گئیں۔ کیلیئسٹرز کا کہنا ہے کہ یہ ان کا آخری ومبلڈن ٹورنامنٹ تھا۔

ادھر مردوں کے مقابلوں میں چھ دفعہ ومبلڈن کے فاتح راجر فیڈرر سات چھ، چھ ایک، چار چھ اور چھ تین سے زیویئر مائلیس کو ہرانے میں کامیاب ہوگئے۔

شراپووا سے پہلے اس سال ومبلڈن کا پہلا غیر متوقع نتیجہ رافائیل نڈال کی گزشتہ ہفتے چیک ریپبلک کے لوکس روسول سے مات تھی۔

اسی بارے میں