کولمبو ٹیسٹ ڈرا، جنید خان مین آف دی میچ

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption جنید خان نے پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

سری لنکا اور پاکستان کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا ہے۔

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔

پاکستان کے فاسٹ بالر جنید خان پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کے حق دار ٹھہرے۔

اس سے پہلے بدھ کو میچ کے آخری روز پاکستان نے میزبان ٹیم کو فتح کے لیے دو سو اکسٹھ رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔

سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے اختتام پر دو وکٹوں کے نقصان پر چھیاسی رنز بنائے۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پاکستان کو سری لنکا پر پہلی اننگز میں ایک سو ساٹھ رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی جس کے بعد اس نے اپنی دوسری اننگز دو کھلاڑیوں کے نقصان پر سو رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔

اس سے قبل میچ کے پانچویں دن سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹ کے نقصان پر دو سو اٹھہتر رنز سے شروع کی تو اس کے باقی پانچ کھلاڑی مجموعی سکور میں ایک سو تیرہ رنز کا اضافہ کر کے پویلین لوٹ گئے۔

کولمبو میں پاکستانی ٹیم کھیل کے پہلے سیشن میں تو کوئی کامیابی حاصل نہ کر سکی لیکن کھانے کے وقفے کے بعد پاکستانی بولرز میچ میں واپس آئے اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سنگاکارا ایک مرتبہ پھر ڈبل سنچری بنانے میں ناکام رہے

پہلے ٹیسٹ میں ایک رنز کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر پانے والے کمارا سنگاکارا اس بار بھی اس کوشش میں ناکام رہے اور ایک سو بانوے رنز بنا کر کیچ ہوگئے۔

ان کے علاوہ اینجلو میتھیوز نے سینتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے پانچ جبکہ عبدالرحمان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

سنیچر کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی اور میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز پانچ سو اکیاون رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی۔

گال میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دو سو نو رنز سے شکست دے دی تھی۔

اسی بارے میں