راہول ڈراوڈ کھیل رتن انعام کے لیے نامزد

راہل ڈراوڈ اور یووراج سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption راہل ڈراوڈ اور یووراج سنگھ اپنی اپنی طرز کی بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ یعنی بی سی سی آئی نے بھارت میں کھیلوں کے لیے دیے جانے والے سب سے بڑے اعزاز راجیوگاندھی کھیل رتن انعام کے لیے راہول ڈراوڈ کا نام بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب بی سی سی آئی نے کھیلوں کے لیے ہی ديئے جانے والے اہم انعام ارجن انعام کے لیے یووراج سنگھ کا نام تجویز کیا ہے۔

واضح رہے کہ راہول ڈراوڈ اب بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور یووراج سنگھ صحتیابی کے بعد ایک بار پھر سے کرکٹ کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔

بی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رتناکر شیٹّی نے بھارتی خبر رساں ایجنسی کو بتایا: ’ہم کھیل رتن انعام کے لیے راہول ڈراوڈ اور ارجن انعام کے لیے یووراج سنگھ کا نام بھیج رہے ہیں۔‘

حکومت ہند نے ان انعامات کے لیے نامزدگی کی تاریخ بیس جولائی کر دیا ہے۔

انتالیس سالہ راہول ڈراوڈ نے اس سال مارچ میں آسٹریلیا کے خلاف ٹسٹ سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ڈراوڈ نے ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں تیئیس ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔

انھوں نے انیس سو چھیانوے میں انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹسٹ کھیلا تھا۔

ابھی تک بیس کھلاڑیوں کو راجیوگاندھی کھیل رتن انعام سے نوازا جا چکا ہے۔ ان میں بھارت کے سٹار کرکٹر سچن تندولکر اور بھارت کے کپتان مہندر سنگھ دھونی بھی شامل ہیں۔

اسی بارے میں