بریڈلی وگنز ٹور ڈی فرانس ریس کے فاتح

Image caption بریڈلی وگنز یہ ریس جیتنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں

بریڈلی وگنز وہ پہلے برطانوی سائیکلسٹ ہیں جنہوں نے دو ہزار بارہ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس جیت لی ہے۔ اس کے علاوہ ان کے ہم وطن مارک کیونڈش نے چوتھی بار ریس کا آخری مرحلہ جیتا ہے۔

بتیس سالہ وگنز نے اتوار کو فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں مکمل ہونے والے ریس کے آخری مرحلے کے بعد مجموعی طور پر تین منٹ اور اکیس سیکنڈز کی برتری سے یہ ریس جیتی ہے۔

انہی کی ٹیم کے برطانوی کرس فروم نے دوسری جبکہ اٹلی کے ونسنزو نبالی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مارک کیونڈش پیرس میں ہونے والے ریس کے آخری مرحلے میں کبھی نہیں ہارے اور اس سے پہلے وہ سنہ دو ہزار نو، دس اور گیارہ میں بھی یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

اس مرتبہ اس مرحلے میں سلواکیا کے پیٹر ساگان دوسرے اور آسٹریلوی میتھیو گوس تیسرے نمبر پر آئے۔

مرحلہ وار لحاظ سے مارک کیونڈش کی فتوحات تئیس ہوگئی ہیں جس کے بعد انہوں نے سات مرتبہ اس ریس میں کامیاب سائیکلسٹ لانس آرم سٹرونگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مجموعی طور پر مرحلہ وار کامیابیوں میں سرِ فہرست چونتیس فتوحات کے ساتھ بیلجیئم کے ایڈی میرکس ہیں۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے دو ہزار ایک سو تہتر میل اور بیس مراحل ہوتے ہیں اور اس میں شرکاء کو شہروں کے علاوہ پہاڑی علاقوں سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔

سنہ انیس سو چوراسی کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس ریس میں پہلی دونوں پوزیشن ایک ہی ملک کے کھلاڑیوں نے حاصل کی ہوں۔

اسی بارے میں