’انگلش ٹیم سیریز میں واپس آئے گی‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگز کی شکست کے باوجود سیریز میں واپس آئے گی۔

انگلینڈ کی ٹیم اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔

انگلینڈ نے یہ پوزیشن آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیت کر حاصل کی ہے تاہم جنوبی افریقہ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں شکست کے بعد اس کی یہ پوزیشن خطرے میں ہے۔

سٹراس کا کہنا ہے ’ گزشتہ دو سالوں کے دوران ہمارے بالنگ اٹیک نے تقریباً ہر ٹیسٹ میچ میں بیس وکٹیں لی ہیں تاہم ایک میچ کی شکست ہمارے اعتماد کو ختم نہیں کر سکتی۔‘

انہوں نے کہا ’ہمارے بلے بازوں نے غلطیاں کیں تاہم مجھے پورا یقین ہے کہ ہم سیریز میں واپس آئیں گے۔ ہم ایسا پہلے بھی کر چکے ہیں اور دوبارہ بھی کریں گے۔‘

واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ میں سنہ دو ہزار نو میں ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے بعد کوئی میچ ہاری ہے۔

انگلش کپتان نے اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کا پہلا دن ہمارے نام رہا تاہم اگلے چار دن جنوبی افریقہ کے نام رہے۔

اینڈریو سٹراس نے کہا کہ جنوبی افریقہ نے بہترین کھیل پیش کیا اور ہم ایسا نہیں کر سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں اور سیریز میں واپس آئیں۔

انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف اوول میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک موقع پر ایلسٹر کک کی سنچری کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر دو سو سٹرسٹھ رنز بنائے تھے تاہم میچ کے دوسرے دن انگلینڈ کی پوری ٹیم تین سو پچاسی رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اس کے جواب میں جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر چھ سو سینتیس رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

اوول ٹیسٹ کی خاص بات جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ کی شاندار بیٹنگ تھی، انہوں نے اپنے ملک کی جانب سے پہلی ٹرپل سنچری بنائی۔

جنوبی افریقہ کے کپتان گراہم سمتھ کا یہ سواں ٹیسٹ تھا اور انہوں نے اس میں سنچری بنائی۔ جنوبی افریقہ کے بلے بازوں نے ہاشم آملہ اور ژاک کیلس نے بھی سنچریاں بنائیں۔

اسی بارے میں