لندن اولمپکس: خواتین کے فٹبال مقابلوں کا آغاز آج

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اولمپکس کھیلوں کے موقع پر خواتین کے فٹبال میچ سے اس کھیل کا قد بھی بڑھیگا

دو ہزار بارہ کے لندن اولمپکس کے باقاعدہ آغاز سے دو روز قبل ہی بدھ کو کھیلوں کی شروعات برطانیہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان خواتین کے فٹبال میچ سے ہو رہی ہے۔

خواتین کا یہ فٹبال میچ کارڈف کے ملینیئم سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

برطانیہ کے وزیر ثقافت جیریمی ہنٹ اس میچ کو دیکھنے سٹیڈیم جائیں گے۔ برطانوی ٹیم کی کپتان کیسی سٹونی کا کہنا ہے کہ اس میچ کے انعقاد سے ’خواتین فٹبال کو مقبولیت حاصل ہو گی‘۔

ان کا کہنا تھا ’یہ عالمی سطح پر ہے، صرف ایک ملک کے درمیان نہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ لیکن ہماری توجہ ابھی صرف میچ پر ہے۔‘

نیوزی لینڈ اور برطانیہ کے درمیان اس پہلے میچ کے بعد کیمرون اور برازیل کی ٹیم کے درمیان فٹبال میچ ہوگا۔

دوسری جانب بدھ کے روز سے لندن میں اولمپکس کے انعقاد کی جگہ پر پہنچنے کے لیے روڈ اور سڑکوں پر جو لین مخصوص ہوئی تھیں اس کا اطلاق آج سے ہو رہا ہے۔

اولمپکس کھیلوں کے مقام تک کھلاڑیوں کی آسان رسائی کے لیے حکومت نے ان تمام رستوں پر ایک لائن ایتھلیٹس کے لیے مخصوص کر دی ہے جو اس طرف جاتے ہیں۔

یہ مخصوص لینز صرف وی آئی پی افراد، کھلاڑیوں اور حکومت سے منظور شدہ میڈیا کے افراد کے لیے کھلی ہوں گی۔ ان مخصوص لائنوں پر دوسرے عام شخص کے اس پر چلنے سے ایک سو تیس پونڈ کا جرمانہ عائد کیا جائےگا۔

اس کے علاوہ حکومت عدالت سے رجوع کرے گی تاکہ پبلک سیکٹر ملازمین بشمول امیگریشن اور پاسپورٹ ملازمین کے کی طرف سے عام ہڑتال کیے جانے کو روکا جا سکے۔

اسی بارے میں