اولمپک مشعل کا ستر روزہ سفر مکمل

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اولمپکس مشعل اب تک برطانیہ میں تقریباً آٹھ ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے

لندن میں دو ہزار بارہ کے اولمپک مقابلوں کا آج باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے اور اولمپکس دو ہزار بارہ کی مشعل نے اپنا ستّر روزہ سفر لندن کے مختلف اہم مقامات سے ہوتے ہوئے مکمل کر لیا ہے۔

اس سفر کے اختتام پر اولمپک مقابلوں کے شعلے کو لندن کے ہائیڈ پارک میں ایک ’کالڈرون‘ یعنی بڑی مشعل میں محفوظ کر لیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مرکزی مشعل کو کس طرح یا کون جلائے گا، یہ بات انتظامیہ نے صیغہ راز میں رکھی ہے۔

اس پہلے آج اس سفر کے دوران اس مشعل کو سینٹ پال کیتھیڈرل، ٹیٹ ماڈرن آرٹ گیلری اور شیکسپیئرگلوب تھیٹر میں لے جایا گیا ہے۔

آج ہی یہ مشعل برطانوی وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ اور اس کے بعد بکنگھم پیلس لے جائی جائے گی جہاں برطانوی شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیتھرین میڈلٹن کے ہمراہ مشعل کے استقبال کے لیے موجود ہوں گے۔

جمعہ کو اولمپکس کھیلوں کی افتتاحی تقریب کے لیے اولمپکس سٹیڈیم لے جائے جانے سے قبل مشعل کا آخری پڑاؤ ہائیڈ پارک ہوگا جہاں ایک محفلِ موسیقی منعقد ہوگی۔

اولمپکس مشعل اب تک برطانیہ میں تقریباً آٹھ ہزار میل کا سفر طے کر چکی ہے اور جمعرات کو اس کے سفر کا آغاز کیمڈن کے علاقے سے ہوا جہاں سے اسے سینٹ پینکریاز سٹیشن اور پھر میلینیئم برج پر لے جایا گیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP Getty
Image caption جمعرات کو اداکار امیتابھ بچن کو بھی مشعل اٹھانے کا موقع ملا

اس سفر کے دوران بالی وڈ کے مشہور اداکار امیتابھ بچن کو بھی مشعل اٹھانے کا موقع ملا اور وہ ساؤتھ وارک کے علاقے میں اولمپک مشعل لے کر دوڑنے والی ٹیم کا حصہ بنے۔

بدھ کی شب امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ انہیں اولمپک مشعل اٹھانے کا موقع دے کر عزت دی گئی ہے اور ’یہ میرے اور میرے ملک کے لیے ایک قابل فخر بات ہے‘۔

ادھر اولمپکس میں فٹبال کے مقابلوں کا آج دوسرا دن ہے اور جمعرات کو مردوں کے مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ ان مقابلوں کا افتتاحی میچ گلاسگو میں ہنڈارس اور مراکش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اسی بارے میں