پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کی فتح

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کرس گیل نے دوسری اننگز میں نصف سنچری سکور کی

ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے آخری دن ایک سو دو رن کا مقررہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے میچ جیت لیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایک طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کرس گیل نے اس اننگز میں نصف سنچری سکور کی۔

وہ چونسٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔گیل نے پہلی اننگز میں سترہ چوکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ڈیڑھ سو رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

میچ کے آخری دن ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے مزید ستّر رنز درکار تھے جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر بنا لیے۔

آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیرن پاول تھے جو تیس رنز بنا کر بریسول کی گیند پر کیچ ہوئے۔

بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں تین سو اکاون رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں پانچ سو بائیس رنز بنا کر برتری حاصل کی تھی۔

اپنی دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم دو سو بہتر رنز بنا سکی تھی اور یوں اس نے ویسٹ انڈیز کو فتح کے لیے ایک سو دو رنز کا ہدف دیا تھا۔

اس فتح کے نتیجے میں ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی چار ایک سے شکست دی تھی۔

اسی بارے میں