فیلپس انیس تمغوں کے ساتھ کامیاب ترین کھلاڑی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 1 اگست 2012 ,‭ 01:56 GMT 06:56 PST

لندن اولمپکس میں امریکی تیراک مائیکل فیلپس نے منگل کو طلائی تمغہ جیت کر اولمپکس کھیلوں میں انفرادی طور پر انیس تمغے جیت لیے ہیں جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جاری تیسویں اولمپکس مقابلوں کے چوتھے دن تیئیس کھیلوں کے مقابلے ہوئے جن میں پندرہ طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا۔

اب تک ان مقابلوں میں ترپن طلائی تمغے جیتے جا چکے ہیں اور چین تئیس میڈلز جیت کر سرفہرست ہے جن میں سے تیرہ طلائی، چھ چاندی اور چار کانسی کے تمغے ہیں۔

میڈلز کی دوڑ میں امریکہ نے سونے کے نو، چاندی کے آٹھ اور کانسی کے چھ تمغے یعنی کل تئیس میڈلز جیتے ہیں۔ اس فہرست میں تیسرا نمبر فرانس کا ہے جس نے اب تک چار طلائی، تین نقرئی اور کانسی کے چار تمغے جیتے ہیں۔

لندن اولمپکس کا چوتھا دن

فیلپس نے ابھی لندن اولمپکس میں مزید تین مقابلوں میں حصہ لینا ہے

منگل کو جس کھیل میں سب سے زیادہ طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا وہ تیراکی تھی۔

لندن اولمپکس کے چوتھے دن چار ضرب دو سو میٹر فری سٹائل ریلے جیتنے والی امریکی تیراکوں کی ٹیم کے رکن کی حیثیت سے مائیکل فیلپس نے رواں اولمپکس میں اپنا پہلا طلائی اور مجموعی طور پر دوسرا میڈل جیتا۔

منگل کو ہی وہ دو سو میٹر بٹرفلائی مقابلے میں چاندی کے تمغے کے حقدار قرار پائے تھے۔ یہ مقابلہ جنوبی افریقی تیراک نے جیتا تھا۔

فیلپس کے انیس اولمپک میڈلز میں سے پندرہ طلائی تمغے ہیں۔اس سے قبل اولمپکس میں سب سے زیادہ میڈل جیتنے کا اعزاز روس کی جمناسٹ لاریسا لتینینا کے پاس تھا جنہوں نے کُل اٹھارہ میڈلز جیتے تھے۔

مائیکل فیلپس نے ابھی لندن اولمپکس میں تین اور مقابلوں میں حصہ لینا ہے اور اگر وہ ان میں میڈلز جیت جاتے ہیں تو وہ ایسا ریکارڈ قائم کر لیں گے جسے توڑنا کسی کے لیے آسان نہیں ہو گا۔

دوسری جانب اولمپک میں خواتین کے چار سو میٹر سوئمنگ مقابلے میں ریکارڈ بنانے والی چین کی تیراک یی شیون نے نہ صرف ایک اور طلائی تمغہ حاصل کیا بلکہ دو سو میٹر میں بھی نیا ریکارڈ قائم کیا۔

خواتین کے دس میٹر پلیٹ فارم سنکرونائزڈ ڈائیونگ مقابلے میں چین کی راؤلن چن اور ہاؤ وانگ نے طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

ادھر کنوئنگ میں ٹونی ایسٹنگاٹ نے فرانس کو ان کھیلوں میں چوتھا گولڈ میڈل دلوایا ہے۔

مردوں کے سکیٹ شوٹنگ کے مقابلے میں امریکہ کے ونسنٹ ہینکاک نے طلائی تمغہ جیت کر اپنے ملک کے گولڈ میڈلز کی تعداد چھ تک پہنچا دی۔ بیجنگ گیمز میں بھی اس مقابلے میں طلائی تمغہ جیتنے والے ہینکاک نے فائنل میں ایک سو پچاس میں سے ایک سو اڑتالیس پوائنٹس حاصل کر کے نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔

لندن کے رائل آرٹلری بیرکس میں ہونے والے مقابلے میں ڈنمارک کے گولڈنگ اینڈرس نے چاندی جبکہ قطر کے ناصر العطیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

دن کا پہلا طلائی تمغہ جرمنی نےگھڑسواری کے کھیل میں ٹیم ایونٹ میں حاصل کیا۔گرینچ میں ہونے والے اس مقابلے میں برطانوی ٹیم چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ نیوزی لینڈ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ہینکاک نے فائنل میں ایک سو پچاس میں سے ایک سو اڑتالیس پوائنٹس حاصل کر کے نیا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا

برطانوی شہزادی زارا فلپ بھی چاندی کا تمغہ جیتنے والی برطانوی ٹیم کی رکن ہیں۔ شہزادی زارا نے گھڑسواری کے انفرادی مقابلوں کے حتمی مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا ہے۔

جوڈو میں خواتین کے تریسٹھ کلوگرام کی درجہ بندی کے مقابلوں میں سلووینیا کی ارسکا زولنیر نے طلائی، چین کی للی ژو نے نقرئی جبکہ جاپان کی یوشی یوئینو اور فرانس کی گیوریس ایمنی نے کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

جوڈو میں ہی اکیاسی کلوگرام کی درجہ بندی میں مردوں کا فائنل جنوبی کوریا کے جے بم کم نے دفاعی چیمپیئن جرمنی کے اول بشوف کو شکست دے کر جیتا ہے۔

ویٹ لفٹنگ میں خواتین کے تریسٹھ کلوگرام کی درجہ بندی کے مقابلوں میں قزاقستان کی مائیا مینزس نے دو سو پینتالیس کلوگرام کا اولمپکس ریکارڈ وزن اٹھا کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔

روس کی سویتلانا ساروکیوا کو چاندی جبکہ کینیڈا کی کرسٹین جیرارڈ کو کانسی کا تمغہ ملا۔


اولمپکس مقابلے چوتھا دن: تصاویر

لندن اولمپکس کا چوتھا دن

  • نشانہ بازی کے مقابلوں میں منگل کو سکیٹ شوٹنگ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے آخری دو مرحلے اور پھر فائنل راؤنڈ کھیلا گیا
  • امریکہ کے ونسنٹ ہینکاک نے طلائی تمغہ جیت کر اپنے ملک کے گولڈ میڈلز کی تعداد چھ تک پہنچا دی جبکہ ڈنمارک کے گولڈنگ اینڈرس نے چاندی اور قطر کے ناصر العطیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا
  • برطانوی خواتین کی گھڑ سوار ٹیم نے جس میں شہزادی زارا فلپ بھی شامل ہیں اپنے ملک کے لیے چاندی کا ایک اور تمغہ حاصل کیا
  • شہزادی زارا کو اولمپکس میں حصہ لیتا دیکھنے کے لیے شاہی خاندان کے ارکان بھی گرینچ پہنچے
  • کھیلوں کے چوتھے دن کنوئنگ میں مردوں کے انفرادی مقابل میں بھی ایک طلائی تمغے کا فیصلہ ہوا
  • کنوئنگ میں گولڈ میڈل جیت کر ٹونی ایسٹنگاٹ نے فرانس کو ان کھیلوں میں چوتھا طلائی تمغہ دلوایا ہے
  • جوڈو میں خواتین کے تریسٹھ کلوگرام کی درجہ بندی کے مقابلوں میں جاپان کی یوشی یوئینو اور فرانس کی گیوریس ایمنی نے کانسی کے تمغے جیتے ہیں
  • لندن اولمپکس میں ہاکی میں آج خواتین کے مقابلوں کا دن تھا اور بلجیئم اور چین کا یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا
  • شمشیر زنی میں مردوں کا انفرادی فوائل مقابلہ بھی منگل کو کھیلا جا رہا ہے

پاکستانی تیراک،نشانہ باز کا سفر ختم

لندن میں جاری تیسویں اولمپکس مقابلوں کے چوتھے دن پاکستانی تیراک اسرار حسین اور نشانہ باز خرم انعام کوالیفائنگ مقابلوں میں ہی شکست کھا گئے ہیں۔

پاکستانی نشانہ باز خرم انعام سکیٹ شوٹنگ کے مقابلے میں شریک تھے اور انہوں نے پیر کو اس مقابلے کے پہلے تین کوالیفائنگ راؤنڈز میں سڑسٹھ پوائنٹس حاصل کیے تھے۔

منگل کو لندن کی رائل آرٹلری بیرکس میں ہونے والے مقابلوں میں خرم نے کوالیفائنگ مرحلے کے بقیہ دو مراحل میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی تاہم وہ چھتیس نشانہ بازوں میں سے انتیسویں نمبر پر ہی رہے۔

اولمپکس میں مردوں کا سکیٹ شوٹنگ کا ابتدائی مرحلہ پانچ راؤنڈز پر مشتمل ہوتا ہے اور پہلے پانچ راؤنڈز میں سب سے زیادہ پوائنٹس لینے والے چھ نشانہ باز فائنل راؤنڈ میں مقابلہ کرتے ہیں۔

سکیٹ شوٹنگ کو انیس سو اڑسٹھ میں اولمپکس میں شامل کیا گیا تھا اور انیس سو چھیانوے تک یہ مقابلے صرف مردوں کے لیے محدود تھے۔

پاکستانی تیراک اسرار حسین کی کارکردگی بھی اولمپکس میں کچھ خاص نہ رہی۔ وہ سو میٹر فری سٹائل درجہ بندی کے ابتدائی مقابلوں میں اپنی ہیٹ میں سب سے پیچھے رہے اور مجموعی طور پر مقابلے میں شریک چھپن تیراکوں میں سے چونویں نمبر پر آئے۔

انہوں نے مقررہ فاصلہ ستاون اعشاریہ آٹھ چھ سیکنڈ کے وقت میں طے کیا جو کہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں سرفہرست رہنے والے امریکی تیراک ایڈریئن ناتھن سے نو اعشاریہ چھ سات سیکنڈ کم تھا۔

خرم انعام اور اسرار حسین کو لندن اولمپکس میں وائلڈ کارڈ انٹری ملی تھی۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی پینتالیس سالہ خرم انعام تیسری بار اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ دو ہزار کے سڈنی اولمپکس اور دو ہزار چار کے ایتھنز اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

ان دونوں کھلاڑیوں کے اولمپکس سے باہر ہونے کے بعد انفرادی مقابلوں میں اب صرف پاکستان کے دو ایتھلیٹس لیاقت علی اور رابعہ عاشق باقی رہ گئے ہیں جو بالترتیب چار اور آٹھ اگست میں ٹریک پر اتریں گے۔


اولمپکس میڈل ٹیبل



لائیو: اولمپکس 2012

اس مواد کو دیکھنے کے لیے آپ کے براؤزر کا جاوا سکرپٹ کو چلانا ضروری ہے

(BBC Sport Olympics (In English

لائیو: اولمپکس 2012

شروع ہونے والے ایونٹ

مقابلے آغاز
- -
- -
- -
- -
- -

مکمل شیڈول دیکھیں (انگریزی میں)

تازہ ترین - گولڈ میڈلسٹ

طلائی تمغے انٹرایکٹ کرنے کے لیے کرسر اس کے اوپر لائیں

0 302

میڈل ٹیبل

رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

تمغوں کا مکمل ٹیبل دیکھیں

تفصیل

رینک
رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔