پاکستان کی جیت، بھارت کو ایک اور شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت آٹھویں جبکہ جنوبی افریقہ بارہویں نمبر پر ہے

لندن اولمپکس دو ہزار بارہ میں مردوں کے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو چار کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ تیز اور دلچسپ رہا۔

پہلا گول جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلے ڈیڑھ منٹ میں کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے فیلڈ گول کیا گیا اور گول تھامس میکڈیڈ نے کیا۔

اس گول کے بعد پاکستان نے جنوبی افریقہ کے گول پر حملے کرنے شروع کیے۔

پاکستان کو پندرہویں منٹ میں ایک پنلٹی کارنر ملا لیکن پاکستان کے کپتان اور پنلٹی کارنر ایکسپرٹ سہیل عباس گول کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان کو پہلی کامیابی میچ کے بیسویں منٹ میں ملی جب عبدالحسیم خان نے فیلڈ گول کر کے سکور برابر کردیا۔

پاکستان کے اس گول کے دو منٹ بعد ہی جنوبی افریقہ کو پنلٹی کارنر ملا جس پر جسٹن ریڈ راس نے جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسرا گول کردیا۔

تاہم پاکستان نے اس گول کا جواب ایک منٹ کے اندر ہی دے دیا جب شفقت رسول نے بہترین پاس پر گول کیا۔

پاکستان کو پیچ کے چوبیسویں منٹ پر جنوبی افریقہ کے خلاف اس وقت برتری حاصل ہوئی جب عبدالحسیم نے میچ کے چھبیسویں منٹ میں فیلڈ گول کیا۔

میچ کے پہلے ہاف کے آخری چند سیکنڈز میں جنوبی افریقہ کو پنلٹی کارنر ملا جس پر اس نے گول کر کے سکور تین تین گول سے برابر کردیا۔

دوسرے ہاف کے شروع ہی میں جنوبی افریقہ نے ایک اور گول کر کے ایک گول سے برتری حاصل کر لی۔

تاہم پاکستان نے حکے بعد دیگرے حملے کیے اور جنوبی افریقہ پر دباؤ جاری رکھا۔

پاکستان کی جانب سے چوتھا گول سہیل عباس نے پینلٹی کارنر پر کیا۔ تاہم پاکستان کو برتری دلوانے والے وسیم احمد تھے جنہوں نے عمدہ فیلڈ گول کیا۔

ہاکی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان اس وقت آٹھویں جبکہ جنوبی افریقہ بارہویں نمبر پر ہے۔

پاکستان کی لندن اولمپکس میں صرف ہاکی کے کھیل میں شرکت باقی رہ گئی ہے اور دیگر تمام کھلاڑی کوئی بھی تمغہ جیتے بغیر اپنا اولمپک سفر مکمل کر چکے ہیں۔

اس سے پہلے پاکستان نے لندن اولمپکس دو ہزار بارہ میں ہاکی کے تین میچ کھیلے ہیں جن میں سے ایک میں پاکستان کو فتح، ایک میں شکست اور ایک برابر رہ چکا ہے۔

پاکستان کے گزشتہ میچ میں برطانیہ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے اپنا پہلا میچ تیس جولائی کو سپین کے خلاف کھیلا تھا جو ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔ دوسرے میچ میں پاکستان نے ارجنٹائن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔

بھارت کو ایک اور شکست

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

بھارت کو اولمپکس ہاکی میں ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی کوریا نے بھارت کو ایک کے مقابلے میں چار گولز سے شکست دے دی۔

میچ کے شروع ہی میں جنوبی کوریا اور بھارت نے ایک ایک گول کیا۔ تاہم میچ ختم ہونے میں گیارہ منٹ رہتے تھے جب جنوبی کوریا نے ایک اور گول کیا اور بھارت پر بررتری حاصل کر لی۔

بھارت نے گول برابر کرنے کی بے حد کوشش کی لیکن اس عرصے میں دو مزید گول کھانے پڑے۔

جنوبی کوریا نے آخری دو گول پنلٹی کارنرز پر کیے۔

اسی بارے میں