ٹیبل ٹینس مقابلوں میں چین کا کلین سویپ

آخری وقت اشاعت:  بدھ 8 اگست 2012 ,‭ 11:08 GMT 16:08 PST

لندن اولمپکس کے بارہویں روز اتھلیٹکس سیمت سولہ طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا۔ دس ہزار میٹر (دس کلو میٹر) کی ریس میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے برطانوی اتھیلیٹ محمد فرح پانچ ہزار میٹر ( پانچ کلو میٹر) کی دوڑ کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔

چین چھتیس طلائی تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد ستترہے۔ امریکہ مجموعی طور پر اکاسی تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے جن میں سے طلائی تمغوں کی تعداد چونتیس ہے۔ برطانیہ اڑتالیس تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

روایتی طور پر زیادہ تمغے جیتنے والے ملک روس اس وقت ساتویں پوزیشن پر ہے اور اس کے طلائی تمغوں کی تعداد سات ہے۔ روس نے مجموعی طور پر اڑتالیس تمغے جتیے ہیں

کلِک لندن اولمپکس 2012 پر بی بی سی اردو کا خصوصی ضمیمہ

اولمپکس کا بارہواں دن

چین کی ٹیم نے جنوبی کوریا کو بیسٹ آف فائیو میں تین صفر سے شکست دی

لندن اولمپکس کے بارہویں روز سولہ طلائی تمغوں کے لیے مقابلے ہوئے۔ ان مقابلوں میں ایتھلیٹکس کے علاوہ ٹیبل ٹینس، باکسنگ، گھڑ سواری اور بی ایم ایکس سائیکل کے مقابلوں میں سولہ طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا۔

مردوں کے ٹیبل ٹینس مقابلوں میں چین نے کلین سویپ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ چین کی ٹیم نے جنوبی کوریا کو بیسٹ آف فائیو میں تین صفر سے شکست دی۔

ما لون اور زینگ جائک نے اس سے قبل اپنے انفرادی مقابلوں میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔

جرمنی نے کی ٹیم جس سے بینجگ اولمپکس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا اب کی بار ہانگ کانگ کو ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کر سکی۔

خواتین کی فری سٹائل ریسلنگ میں تریسٹھ کلوگرام کیٹیگری مقابلے میں جاپان کی کاوری ای کو نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ وہ خواتین کی ریسلنگ کے مقابلوں میں تین سونے کے تمغے حاصل کرنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ ان سے ہارنے کے بعد چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والی جِنگ روئی ژوئی کا تعلق چین سے ہے۔ کانسی کا تمغے جیتنے والی مارٹین کا تعلق کینیڈا سے ہے۔

خواتین کی فری سٹائل ریسلنگ کی اڑتالیس کلوگرام کیٹیگری میں جاپان کی ہیتومی اوبارا نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔چاندی کا تمغہ آذربائیجان کی ماریہ سٹیڈنی کا مقدر بنا۔

محمد فرح پانچ ہزار میٹر کی دوڑ کے پہلے مرحلے میں تیسرے نمبر پر آئے

بیچ والی بالی میں امریکہ کی میسٹی مے ٹرینر اور کیری والش جیننگ نے اپنی ہی ہم وطن جینیفر کیسی اور اپریک روس کو ہرا ہر مسلسل تیسری مرتبہ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والی روس اور کیسی نے میچ کے ابتداء میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم جیت ٹرینر اور جیننگ کے حصے میں آئی۔ اسے کھیل میں کانسی کا تمغہ برازیل کی لاریسا فرینسہ اور جولیانا فیلیسبیرٹا نے حاصل کیا۔

پانچ ہزار میٹر کی پہلے مرحلے کی دوڑ میں محمد فرح نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ محمد فرح تیسرے نمبر پر آئے۔


اولمپکس کا گیارہواں دن

چھیانوے کلو گرام کیٹیگری کے ریسلنگ مقابلوں میں ایران کے غاسم غلام رضا رضائی نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ ان سے شکست کھانے والے روس کے رستم توتروو نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

ریسلنگ میں چھیاسٹھ کلو گرام کیٹگری میں جنوبی کوریا کے کِم ہیون وُو نے سونے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے ہنگری کے ٹامس لورینزک کو شکست کی جنہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مردوں کے غوطہ خوری کے مقابلے میں روس کے الیا زخاروو نے سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ چین کے کِن کائی نے چاندی اور چین ہی کے چانگ ہیی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

روس سے تعلق رکھنے والے ایوان یوکہوو نے مردوں کے ہائی جمپ مقابلے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ امریکہ کے ایرک کینارڈ نے چاندی کا تمغہ جبکہ قطر کے اتھلیٹ معتز عیسیٰ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

مردوں کی پندرہ سو میٹر دوڑ کے فاتح توفیق مخلوفی رہے جنہوں نے چونتیس اعشاریہ آٹھ سیکنڈ میں دوڑ جیت کر سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ یہ ان کے کیریئر کا پہلا تمغہ تھا۔ چاندی کا تمغہ امریکی اتھلیٹ لیونل مینزانو کا مقدر بنا جبکہ میکسیکو کے ابدالاتی لگودر نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین کی سو میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں آسٹریلیا کی اتھلیٹ سیلی پیرسن نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ ان کا وقت بارہ اعشاریہ پینتیس سیکنڈ رہا۔ انہوں نے سابق چیمپئن امریکہ کی ڈان ہارپر کو ہرایا۔ ہارپر نے اس مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ امریکہ کی ہی کیلی ویلز نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

جرمنی کےرابرٹ ہارٹنگ نے ڈسکس تھرو میں سونے کا تمغہ جیتا۔ ایرانی اتھلیٹ احسان ہدادی نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ اسٹونیا کے گریڈ کانٹر کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

مردوں میں ایک سو پانچ کلو کیٹیگری ویٹ لفٹنگ کے مقابلوں میں ایران کے اتھلیٹ بہداد سلیمی نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس قبل ایشین گیمز کے موقع پر انہوں نے سوائن فلو سے متاثر ہونے کے باوجود بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس مقابلے میں ایران کے ہی سجاد انوشیروانی نے چاندنی کا تمغہ حاصل کیا۔ جبکہ روس سے تعلق رکھنے والے رلسن البیگوو نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

مردوں کی کیرین سائیکلنگ میں برطانیہ کے ہوئے سر کِرس نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ یہ ان کا چھٹا سونے کا تمغہ ہے وہ ان اولمپکس میں سب سے زیادہ تمغے حاصل کرنے والے برطانوی اتھیلٹ بن گئے ہیں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والے اتھلیٹ میکسیملیین لیوی نے چاندی کا تمغے حاصل کیا اور نیوزی لینڈ کے سیمون وین ویلتھووین تیرے نمبر پر آکر کانسی کا تمغہ حاصل کر پائے۔

خواتین کے سپرنٹ سائیکلنگ میں آسٹریلین اتھیلیٹ اینا میاریس نے سونے کا تمغہ جیتا۔ ان کی یہ کامیابی برطانوی اتھلیٹ وکٹوریا پینڈیلٹن کے کیرئیر کا مایوس کن اختتام بنی۔ وکٹوریا کا یہ آخری مقابلہ تھا وہ اس سے قبل آٹھ مرتبہ فاتح بن کر برطانیہ کی کامیاب ترین خاتون سائیکلسٹ کا اعزاز حاصل کر چکی تھیں۔ تاہم اپنے کیریئر کے آحری مقابلے میں وہ آسٹریلیا کی اینا سے پیچھے رہ گئیں انہوں نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ اسی مقابلے میں چین کی گاؤ شوانگ کے کانسی کا تمغہ جیتا۔

مرحلہ وار سائیکلنگ کے خواتین کے پانچ سو میٹر ٹائم ٹرائل فائنل میں برطانیہ کی لورا ٹروٹ نے کامیابی حاصل کی۔

خواتین کے جمناسٹک مقابلوں میں امریکی جمنسٹ ریسمن ایلکزینڈرا نے سونے کا تمغہ جیتا۔ رومینا کی پونور کیٹالینا چاندی اور روس کی عالیہ مصطفینا کانسی کے میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔

ٹیبل ٹینس میں خواتین کے ٹیم فائنل مقابلوں میں چین نے جاپان کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ اس سے پہلے کانسی کے تمغے کے لیے کھیلے گئے میچ میں جنوبی کوریا سنگاپور سے ہار چکا ہے۔

خواتین کے سنکرونائزڈ سوئمنگ یعنی مطابقت کے ساتھ تیراکی کے مقابلوں میں روس کی اشچینکو نٹالیا اور روماشینا سویت لانا نے شاندار کارکردگی کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔

مردوں کے ہاریزاٹل بارز جمناسٹکس مقابلوں میں ہالینڈ کے زونڈرلینڈ ایپکے نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ جرمنی کے ہیمبیو غن فابیئاں دوسرے نمبر کے ساتھ چاندی کے تمغے کے حقدار رہے۔ چین کے زو کائی کانسی کے تمغے کے چقدار بنے۔

چین کی ڈینگ لن لن نے خواتین کے بیم جمناسٹکس مقابلوں میں اپنے ملک کے لیے تینتیسواں طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ چین کی سوئی لو اس مقابلے میں دوسرے جبکہ رومانیہ کی جمناسٹ تیسرے نمبر پر رہیں۔

چین کے ہی فینگ زہی نے مردوں میں پیرالل بارز جمناسٹک مقابلے میں چین کو دن کا پہلا طلائی تمغہ دلوایا۔ اس مقابلے میں جرمنی نے نقرئی اور فرانس نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

مردوں کی کشتی رانی کے مقابلوں میں ہالینڈ کے ڈوریئن وان رسلبرج نے طلائی، چاندی کا برطانیہ کے نک ڈیمپسی جبکہ پولینڈ کے پزیمسلہ میئارکزنسکی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

خواتین کی کشتی رانی کے مقابلوں میں سپین کی ماریانہ نیئرا کامیاب رہیں اور طلائی تمغہ جیتا۔ فن لینڈ کی تولی پتیحا نے چاندی جبکہ پولینڈ کی زوفیا نوسیتی کلیپاکہ کانسی کا تمغہ حاصل کر سکیں۔

مردوں کے ٹرائی ایتھلون مقابلوں میں برطانیہ کے ایلسٹر براؤن لی نے طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔ ریس کے اختتام پر مداحوں کے ایک ہجوم نے ان کا استقبال کیا۔ انہی کے بھائی جوناتھن براؤن لی نےاس ریس میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ سنہ دو ہزار کے سڈنی اولمپکس سے اولمپک مقابلوں میں شامل ٹرائی ایتھلون کھیل میں برطانیہ کے یہ پہلے تمغے ہیں۔

برطانیہ نے گھڑسواری میں ٹیم ڈریسج مقابلے میں بھی طلائی تمغہ جیتا ہے۔

آج مردوں کی ہاکی میں برطانیہ سپین کے خلاف آخری پول میچ کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا نے پاکستان کو سات صفر سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ادھر چینی ایتھلیٹ اور سابق چیمپیئن یو ییئوں ایک سو دس میٹر کی ہرڈل ریس کے ہیٹ مقابلوں میں زخمی ہونے کی وجہ سے مقابلوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ دو ہزار چار کے ایتھنز اولمپکس میں طلائی تمغہ جیتنے والے یو ییئوں کو فٹنس مسائل تو تھے مگر دو ہزار گیارہ میں ورلڈ چیمپیئن شپ میں دوسری پوزیشن کے بعد لگتا تھا کہ وہ اپنی بہترین فارم میں آ رہے ہیں۔


رابعہ بھی اولمپکس سے باہر

رابعہ عاشق کی شکست کے ساتھ ہی پاکستانکا لندن المپکس کا سفر ختم ہو گیا

وہ اس ایونٹ کی چوتھی ہیٹ میں حصہ لینے والی چھ ایتھلیٹس میں شامل تھیں اور آخری نمبر پر رہیں۔

انہوں نے مقررہ فاصلہ دو منٹ سترہ اعشاریہ تین نو سیکنڈز میں طے کیا۔

رابعہ عاشق کو وائلڈ کارڈ کے ذریعے لندن اولمپکس میں شرکت کا موقع ملا تھا۔

اولمپکس میں آنے سے قبل رابعہ عاشق نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ وہ آٹھ سو میٹرز میں نیا قومی ریکارڈ قائم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی لیکن وہ اپنے ساتھ لندن آئی ہوئی کوچ بشری پروین کا قومی ریکارڈ جو دو منٹ صفر اعشاریہ آٹھ سکینڈز ہے نہ توڑسکیں۔ نہ صرف یہ بلکہ وہ اپنے ہی بہترین وقت کے قریب نہ آسکیں جو دو منٹ دس سیکنڈز ہے۔

رابعہ عاشق کی شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا لندن اولمپکس کا سفر ختم ہوگیا ہے۔ ان سے پہلے ایتھلیٹ لیاقت علی۔ تیراک اسرارحسین، انعم بانڈے اور شوٹرخرم انعام مقابلوں سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ پاکستانی ہاکی ٹیم جمعرات کو جنوبی کوریا کے خلاف ساتویں پوزیشن کا میچ کھیلے گی۔

ہاکی کے علاوہ تمام کھلاڑی وائلڈ کارڈ پر لندن آئے ہوئے ہیں۔

کیمرون کے کھلاڑی غائب

غائب ہونے والوں میں پانچ باکسر بھی شامل ہیں

اولمپکس میں افریقی ملک کیمرون کے دستے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ان کے ملک سے تعلق رکھنے والے سات کھلاڑی برطانیہ میں غائب ہوگئے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کےمطابق خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پانچ باکسرز سمیت سات کھلاڑیوں نے معاشی مشکلات کی وجہ سے یورپ میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جون میں ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے اولمپک مشعل بردار پندرہ سالہ نیتنائل یمین بھی برطانیہ آ کر لا پتہ ہوگئے تھے۔ وہ ناٹنگھم میں اپنے ہوٹل سے غائب ہوئے تھے۔

کیمرون کے اولمپک دستے کے سربراہ ڈیوڈ اوجونگ نے کیمرون کی وزارتِ کھیل کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ ’جو باتیں افواہوں کے طور پر شروع ہوئی تھیں، وہ آخر کار سچ ثابت ہوئیں‘۔

انہوں نے خط میں بتایا کہ لاپتہ ہونے والے کھلاڑیوں میں تیراک پال ئی کین ئی دنگے، خاتون فٹبالر دروسیل نگاکو اور پانچ باکسر تھامس ایسومبا، کرسچن ادجوفاک، عابدون میولی، بلیئز یپمو اور سرگے امبومو شامل ہیں۔


بارہویں روز کی تصاویر

لندن اولمپکس کا بارہواں دن، تصاویر

  • پاکستان ایتھلیٹ رابعہ عاشق آٹھ سو میٹر کی ہیٹ میں ہار گئی ہیں۔ رابعہ کی ہار کے ساتھ ہی پاکستانی کھلاڑیوں کا اولمپکس سفر اختتام کو پہنچ گیا ہے
  • بیلاروس کی کیاکنک ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیت لیا ہے۔ بیلاروس نے لندن اولمپکس میں تین طلائی تمغوں سمیت نو تمغے جیتے ہیں۔
  • جنوبی افریقہ کی کاسٹر سمنیا نے آٹھ میٹر کی ہیٹ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ماضی میں سمنیا پر الزام لگتا رہا ہے کہ وہ عورت نہیں بلکہ مرد ہیں۔ ان کی جنس کی تعین کےٹیسٹ بھی ہو چکے ہیں۔
  • کیوبا کے لارزو بورجس پولٹ والٹ کے مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ان کا پول ٹوٹ گیا
  • یوکرائن کے دیمتری کارپوو ڈیکتھلن کے مقابلے کے دوران لانگ جمپ لگا رہے ہیں
  • برطانوی ایتھلیٹ محمد فرح پانچ ہزار میٹر کی دوڑ کے پہلے مرحلے میں کامیاب رہے
  • برطانوی گھڑ سوار ایک اور گولڈ میڈل کے قریب پہنچ گئے
  • سعودی عرب ایتھلیٹ عطار نے عورتوں کی آٹھ سو میٹر کی دوڑ میں حصہ لیا۔ وہ اس ایونٹ کی آخری نمبر پر رہیں۔

اولمپکس میڈل ٹیبل



لائیو: اولمپکس 2012

اس مواد کو دیکھنے کے لیے آپ کے براؤزر کا جاوا سکرپٹ کو چلانا ضروری ہے

(BBC Sport Olympics (In English

لائیو: اولمپکس 2012

شروع ہونے والے ایونٹ

مقابلے آغاز
- -
- -
- -
- -
- -

مکمل شیڈول دیکھیں (انگریزی میں)

تازہ ترین - گولڈ میڈلسٹ

طلائی تمغے انٹرایکٹ کرنے کے لیے کرسر اس کے اوپر لائیں

0 302

میڈل ٹیبل

رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

تمغوں کا مکمل ٹیبل دیکھیں

تفصیل

رینک
رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔