اولمپکس کا تیرہواں دن، بولٹ اعزازات کے دفاع میں کامیاب

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 9 اگست 2012 ,‭ 16:54 GMT 21:54 PST

لندن اولمپکس کے تیرہویں روز ایتھلیٹکس سمیت بارہ کھیلوں میں تیئیس طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوا اور برطانیہ نے مزید تین طلائی تمغے جیت لیے ہیں۔

ان کھیلوں میں مجموعی طور پر اب تک دو سو اڑتیس طلائی تمغے جیتے جا چکے ہیں اور اس وقت انتالیس طلائی تمغوں کے ساتھ امریکہ میڈیل ٹیبل پر سرفہرست آ گیا ہے۔ اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد نوے ہے۔

چین سینتیس طلائی تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد اسی ہے۔

کلِک لندن اولمپکس 2012 پر بی بی سی اردو کا خصوصی ضمیمہ

میزبان ملک برطانیہ پچیس طلائی اور مجموعی طور پر باون تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اولمپکس کا تیرہواں دن

لندن اولمپکس کے تیرہویں دن جمیكا کے يوسین بولٹ نے سو میٹر کے بعد دو سو میٹر کی دوڑ میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔

يوسین بولٹ نے دو سو میٹر کی دوڑ انیس اعشاریہ بتیس سیکنڈ میں پوری کی۔

اولمپکس تاریخ میں بولٹ پہلے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے سو میٹر اور دو سو میٹر دوڑ جیتنے کا اعزاز مسلسل دو بار حاصل کیا ہے۔

اس دوڑ میں دوسرے نمبر آنے والے اتھلیٹ جمیكا کے ہی يوہان بلیک ہیں جنہوں نے یہ دوڑ انیس اعشاریہ چوالیس سیکنڈ میں پوری کی۔ جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے اتھیلیٹ بھی جمیکا کہ ہی ہیں۔ وارن ویير نے یہ فاصلہ انیس اعشاریہ چوراسی سیکنڈ میں پوری کیا۔

خواتین کی فری سٹائل ریسلنگ کی اڑتالیس کلوگرام کیٹیگری میں جاپان کی ہیتومی اوبارا نے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔چاندی کا تمغہ آذربائیجان کی ماریہ سٹیڈنی کا مقدر بنا۔

برطانیہ کے لیے پہلا طلائی تمغہ شارلٹ ڈوجارن نے گھڑسواری میں خواتین کے انفرادی ڈریسیج کے مقابلے میں جیتا۔اس مقابلے میں ہالینڈ کی گھڑسوار دوسرے اور برطانیہ کی ہی گھڑسوار تیسرے نمبر پر رہیں۔

برطانیہ کو دن کا دوسرا اور مجموعی طور پر چوبیسواں طلائی تمغہ خواتین کے باکسنگ مقابلوں میں اس وقت ملا جب فلائی ویٹ کے فائنل میں نکولا ایڈمز نے پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن چین کی رین کان کان کو شکست دی۔

وہ اولمپکس میں باکسنگ کے کھیل میں طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون ہیں۔ لائٹ ویٹ درجہ بندی کے فائنل میں آئرش باکسر کیٹی ٹیلر نے روس کی صوفیہ اوچیگاوا کو شکست دے کر لندن اولمپکس میں آئرلینڈ کو پہلا تمغہ دلوایا۔

نکولا ایڈمز نے برطانیہ کو چوبیسواں طلائی تمغہ دلوایا

امریکہ کی کلیریسا شیلڈز نے پچھہتر کلوگرام کے زمرے میں اپنے ملک کو پینتیسواں طلائی تمغہ دلوایا۔ انہوں نے فائنل میں ندزدا تورلوپووا کو پوائنٹس پر شکست دی۔

ہنگری کی دنوتا کوزاک نے کیاک کے انفرادی مقابلوں میں اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ آسٹریلوی ٹیم مردوں کی کے فور درجہ بندی میں طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی۔

ہنگری کی ہی ایوا رزوف نے خواتین کی تیراکی میں دس کلومیٹر کی میراتھن ریس جیت لی ہے۔

خواتین کے فٹبال مقابلوں کے فائنل میں امریکہ نے جاپان کو دو ایک سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا۔ کینیڈا نے فرانس کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔

جمعرات کو اولمپکس میں سب سے زیادہ تمغے ایتھلیٹکس مقابلوں میں جیتے گئے۔ مشرقی لندن میں واقع اولمپک پارک میں ہونے والے ان مقابلوں میں جمعرات کو مردوں کے ٹرپل جمپ، آٹھ سو میٹر، دو سو میٹر دوڑ اور ڈیکاتھلون مقابلوں کے فائنلز کے علاوہ خواتین کے جیولین تھرو کا فائنل کھیلا گیا۔

تیرہویں دن جن دیگر کھیلوں میں طلائی تمغوں کے لیے مقابلے ہوئے ان میں باکسنگ، کینوئنگ، بیچ والی بال، فٹبال، ڈائیونگ، گھڑسواری، بادبانی کشتی رانی، تائیکوانڈو، واٹر پولو، کُشتی اور تیراکی شامل ہیں۔

تائیکوانڈو میں افغانستان کی تاریخ میں پہلا اولمپکس میڈل جیتنے والے روح اللہ نیکپائی کوارٹر فائنل میں ایرانی حریف سے شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہو گئے ہیں۔

یوسین بولٹ اعزازات کے دفاع میں کامیاب

لندن اولمپكس میں ایتھلیٹکس کے سب سے اہم مقابلے مردوں کی دو سو میٹر دوڑ میں جمیكا کے يوسین بولٹ نے سونے کا تمغہ حاصل کیا ہے وہ اس سے پہلے سو میٹر کی دوڑ میں بھی طلائی تمغہ حاصل کر چکے ہیں۔

يوسین بولٹ نے دو سو میٹر کی دوڑ انیس اعشاریہ بتیس سیکنڈ میں پوری کی۔

دفاعی چیمپیئن یوسین بولٹ اس ریس میں فتح حاصل کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ وہ اولمپکس تاریخ میں ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے سو میٹر اور دو سو میٹر کا خطاب مسلسل دو بار جیتا ہے۔

بولٹ نے دو ہزار آٹھ کے بیجنگ اولمپکس میں بھی سو اور دو سو میٹر کی دوڑ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔

اس دوڑ میں دوسرے نمبر آنے والے اتھلیٹ جمیكا کے ہی يوہان بلیک ہیں جنہوں نے یہ دوڑ انیس اعشاریہ چوالیس سیکنڈ میں پوری کی۔ جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے اتھیلیٹ بھی جمیکا کے ہی ہیں۔ وارن ویير نے یہ فاصلہ انیس اعشاریہ چوراسی سیکنڈ میں پوری کیا۔

لندن اولمپک کی سو میٹر دوڑ میں اپنی بادشاہت برقرار رکھتے ہوئے يوسین بولٹ نے یہ دوڑ نو اعشاریہ تریسٹھ سیکنڈ میں پوری کی تھی۔ یہ ان کا دوسرا سب سے تیز وقت تھا۔

بولٹ نے بیجنگ اولمپکس میں بھی سو میٹر اور دو سو میٹر کی دوڑ کا طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

اس جیت کے بعد جہاں اسٹیڈیم میں شائقین يوسین بولٹ کی تصاویر کھینچ رہے تھے وہیں يوسین بولٹ نے بھی کیمرے اٹھایا اور شائقین اور میڈیا کے تصاویر اتارنا شروع کر دیں۔

لندن اولمپکس کا تیرہوان دن، تصاویر

جرمنی فائنل میں،پاکستان ساتویں نمبر پر

دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا

لندن میں جاری تیسویں اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے آسٹریلیا کو ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ادھر پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

جمعرات کو اولمپکس پارک میں واقع ریور سائیڈ ایرینا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی نے دو کے مقابلے میں چار گول سے فتح حاصل کی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر یہ میچ ایک ایک گول سے برابر تھا تاہم دوسرے ہاف میں جرمنی نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین گول کیے جبکہ آسٹریلوی ٹیم صرف ایک گول ہی کر سکی۔

دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات کو ہی برطانیہ کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا۔

پاکستان اور جنوبی کوریا کے میچ میں پہلے ہاف کے انتیسویں منٹ میں جنوبی کوریا کے ہیون سنگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوائی جسے اگلے ہی منٹ میں پاکستان کے محمد وقاص نے برابر کر دیا۔

دو منٹ بعد ہیون سنگ کے دوسرے گول کی بدولت جنوبی کوریا نے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی جو ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے تینتالیسویں منٹ میں عبدالحسیم خان نے گول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کر دیا۔

کھیل کے ساٹھویں منٹ میں پاکستان کو ایک پنلٹی کارنر ملا جس پر محمد عمران نے گول کر کے پاکستان کو پہلی مرتبہ میچ میں برتری دلوائی جو آخر تک قائم رہی۔

اس سے قبل نویں اور دسویں پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر نویں پوزیشن حاصل کی۔


اولمپکس میڈل ٹیبل



لائیو: اولمپکس 2012

اس مواد کو دیکھنے کے لیے آپ کے براؤزر کا جاوا سکرپٹ کو چلانا ضروری ہے

(BBC Sport Olympics (In English

لائیو: اولمپکس 2012

شروع ہونے والے ایونٹ

مقابلے آغاز
- -
- -
- -
- -
- -

مکمل شیڈول دیکھیں (انگریزی میں)

تازہ ترین - گولڈ میڈلسٹ

طلائی تمغے انٹرایکٹ کرنے کے لیے کرسر اس کے اوپر لائیں

0 302

میڈل ٹیبل

رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

تمغوں کا مکمل ٹیبل دیکھیں

تفصیل

رینک
رینک طلائی تمغے چاندی کے تمغے کانسی کے تمغے

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔