اولمپکس: پاکستان کا ہاکی میں ساتواں نمبر

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پاکستان نے اس میچ میں دو فیلڈ اور ایک گول پنلٹی کارنر پر کیا

لندن میں جاری تیسویں اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

جمعرات کو اولمپکس پارک میں واقع ریور سائیڈ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پہلے ہاف کے انتیسویں منٹ میں جنوبی کوریا کے ہیون سنگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوائی جسے اگلے ہی منٹ میں پاکستان کے محمد وقاص نے برابر کر دیا۔

دو منٹ بعد ہیون سنگ کے دوسرے گول کی بدولت جنوبی کوریا نے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی جو ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔

دوسرے ہاف میں پاکستانی ٹیم نے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے تینتالیسویں منٹ میں عبدالحسیم خان نے گول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کر دیا۔

کھیل کے ساٹھویں منٹ میں پاکستان کو ایک پنلٹی کارنر ملا جس پر محمد عمران نے گول کر کے پاکستان کو پہلی مرتبہ میچ میں برتری دلوائی جو آخر تک قائم رہی۔

پاکستانی ٹیم سنہ انیس سو بانوے کے بعد سے اولمپکس میں ہاکی کے مقابلوں میں وکٹری سٹینڈ پر پہنچنے میں ناکام رہی ہے۔ انیس سو بانوے کے بارسلونا اولمپکس میں شہباز احمد سینیئر کی قیادت میں پاکستان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

اس سے قبل نویں اور دسویں پوزیشن کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ارجنٹائن کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر نویں پوزیشن حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل بھی جمعرات کو ہی کھیلے جائیں گے جن میں برطانیہ کا مقابلہ ہالینڈ اور آسٹریلیا کا جرمنی سے ہوگا۔

اسی بارے میں