لندن اولمپکس: ہندوستان کا چھٹا تمغہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption لندن اولمپکس میں بھارتی پہلوان سوشیل کمار نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

لندن میں جاری اولمپکس میں بھارتی پہلوان سشیل کمار فری سٹائل کشتی کی چھیاسٹھ کلوگرام درجہ بندی میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل میچ میں ان کا مقابلہ جاپان کے پہلوان یونیمتزو تاتسہورو سے ہوا لیکن وہ اس میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔

انہوں نے سیمی فائنل میں قزاقستان کے اے ٹناٹورا‎ؤ کو ہرایا تھا۔

فائنل میس شکست سے ان کے شائقین کو مایوسی ہوئی جن میں ان کی سیمی فائنل میں جیت کے بعد خوشی کی لہر دروڑ گئی تھی۔

سیمی فائنل میں فتح کے بعد سشیل کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس جیت کو اپنے والدین اور اپنے گرو کے نام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ اپنے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

چار برس قبل بیجنگ اولمپکس میں سشیل کمار نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا جس کے بعد سشیل کمار کشتی کے سٹار پہلوان بن گئے تھے۔

اولمپکس کے لیے لندن روانہ ہونے سے پہلے بی بی سی سے بات چیت میں سشیل کمار نے کہا ’میں اپنے گرو ستپال جی کا خواب پورا کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔ انہوں نے مجھے اولمپکس میں میڈل جیتنے کا خواب دیکھا ہے اور اس کے لیے اپنے دن رات ایک کر دیے ہیں۔‘