وین پرسی کا مانچسٹر یونائیٹڈ سے معاہدہ

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 16 اگست 2012 ,‭ 21:58 GMT 02:58 PST

مانچسٹر یونائیٹڈ نے وین پرسی کی خدمات چار برس کے لیے حاصل کی ہیں

انگلش فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے چوبیس ملین پاؤنڈ کے عوض حریف کلب آرسنل کے اہم کھلاڑی رابن وین پرسی کی خدمات حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے انتیس سالہ وین پرسی آرسنل کے کپتان ہیں اور انہوں نے انگلش پریمیئر لیگ میں گزشتہ برس سب سے زیادہ چوالیس گول کیے تھے۔

انہوں نے رواں برس جولائی میں اعلان کیا تھا کہ وہ آرسنل سے جون دو ہزار تیرہ میں ختم ہونے والے معاہدے کی تجدید میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے وین پرسی کی خدمات چار برس کے لیے حاصل کی ہیں اور وہ آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں دیگر معاملات اور طبی معائنے کے لیے مانچسٹر یونائیٹڈ کے حکام سے ملاقات کریں گے۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ رابن وین پرسی کے ٹرانسفر کا معاہدہ طے پانے کا اعلان کرنا کلب کے لیے باعثِ مسرت ہے۔

بیان کے مطابق ’یہ معاہدہ طبی معائنے اور ذاتی مطالبات کی منظوری سے مشروط ہے اور وقت کے ساتھ مزید معلومات دی جائیں گی‘۔

معاہدے کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ وین پرسی کو دو کروڑ پچیس لاکھ پاؤنڈ دے گی جبکہ آئندہ چار برس کے دوران پریمیئر لیگ یا چیمپیئنز لیگ جیتنے کی صورت میں وین پرسی کو پندرہ لاکھ پاؤنڈ کا بونس بھی ملے گا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے علاوہ یووینٹس اور مانچسٹر سٹی نے بھی ابتدائی طور پر وین پرسی کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن گزشتہ ہفتے یہ دونوں کلب پیچھے ہٹ گئے تھے۔

پروفیشنل فٹبالر ایسوسی ایشن اور فٹبال رائٹرز نے وین پرسی کو گزشتہ سیزن کا بہترین کھلاڑی قرار دیا تھا تاہم یورو دو ہزار بارہ کے دوران وین پرسی کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی تھی اور وہ صرف ایک گول کر پائے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔