پاکستان کی شاندار فتح، اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی

آخری وقت اشاعت:  منگل 25 ستمبر 2012 ,‭ 17:08 GMT 22:08 PST

حفیظ اور عمران نذیر کا عمدہ آغاز

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے ابتدائی مرحلے کے آخری میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

اس فتح کی مدد سے پاکستان نے سپر ایٹ مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا۔

تمام پاکستانی بلے بازوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستانی اوپنر عمران نذیر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف چھتیس گیندوں پر بہتر رنز بنائے۔ انھیں ابوالحسن کی گیند پر فرہاد رضا نے کیچ آوٹ کیا۔ کپتان محمد حفیظ سینتالیس گیندوں پر پینتالیس رنز بنا کر ابوالحسن ہی کا شکار بنے۔

پاکستان کے ان فارم بلے باز ناصر جمشید نے بھی دھواں دھار بیٹنگ کی اور وہ چودہ گیندوں پر انتیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کامران اکمل نے بھی عمدہ بیٹنگ کی اور وہ بائیس رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔

اس سے پہلے بنگلہ دیش نے بیس اوورز کے اختتام پر چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو پچھتر رنز بنائے تھے۔ البتہ پاکستان کو سپر ایٹ کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے ایک سو چالیس رنز بنانا تھے۔

شکیب الحسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چون گیندوں پر چوراسی رنز بنائے۔ انھیں یاسر عرفات نے آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سہیل تنویر نے یاسر ہی کی گیند پر بنگلہ دیش کے کپتان کا ایک انتہائی آسان کیچ چھوڑ دیا تھا۔

یاسر عرفات پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے۔ انھوں نے تین اوورز میں پچیس رنز دے کر تین وکٹیں لیں۔ سعید اجمل نے چار اووروں میں بتیس رنز دیے لیکن وہ کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے۔

پاکستانی باؤلر عمر گل سب سے مہنگے ثابت ہوئے۔ انھوں نے تین اوورز میں تینتالیس رنز دیے۔شاہد آفریدی سب سے مفید بولر تھے جنھوں نے چار اوورز میں صرف بیس رنز دیے اور ایک وکٹ بھی حاصل کی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

پالیکلے میں کھیلے جا رہے اس میچ کے لیے بنگلہ دیشی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور سپنر الیاس سنی کی جگہ فاسٹ بولر ابوالحسن کو کھلایا گیا جبکہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو ہی برقرار رکھا۔

پاکستان کی ٹیم میں محمد حفیظ، عمران نذیر، ناصر جمشید، کامران اکمل، شعیب ملک، شاہد آفریدی، یاسر عرفات، سہیل تنویر، عمر گل اور سعید اجمل شامل تھے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم تمیم اقبال، محمد اشرفل، شکیب الحسن، مشفق رحیم، محمود اللہ، ناصر حسین، ابو الحسن، ضیا الرحمٰن، مشرفی مرتضیٰ، عبدالرزاق اور شفیع الاسلام پر مشتمل تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔