تمیز سے کھیلنے والی کرکٹ

آخری وقت اشاعت:  بدھ 26 ستمبر 2012 ,‭ 19:12 GMT 00:12 PST

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے موقع پر بنے ایک اشتہار میں بھارتی اداکار رنبیر کپور اپنے کپتان مہندر سنگھ دھونی کو مشورہ دیتے دکھائی دیتے ہیں کہ بھیا یہ ٹی ٹوئنٹی نہ تمیز سے کھیلنے والی کرکٹ ہے نہ تمیز سے دیکھنے والی۔

تو کیا واقعی اس کرکٹ میں بس آنکھیں بند کیں اور لگادی ہٹ ؟ لگ گیا چھکا تو واہ واہ اور اگر وکٹ اڑگئی تو بولر کی جے جے۔

میں نے پاکستانی کپتان محمد حفیظ سے ان کی پریس کانفرنس میں جب رنبیر کپور کی یہ بات پوچھی تو انہوں نے پہلے تواسے میری شرارت سمجھی لیکن پھر مسکراتے ہوئے کہنے لگے نہیں ! آج کے دور میں یہ ٹی ٹوئنٹی بڑی سمجھ بوجھ کی حامل کرکٹ بن گئی ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں۔آج یہ جس شکل میں ہے اس میں بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ہرچیز کی منصوبہ بندی کرنی پڑتی ہے۔ اور جیسا کہ پہلے اس کے بارے میں جو رائے تھی وہ اب بدل چکی ہے۔ اب اسے سوچ سمجھ کر کھیلنا پڑتا ہے۔

حفیظ کی اس بات پر غور کریں تو واقعی بیٹسمین پہلے سے محتاط دکھائی دیتے ہیں ۔وکٹ گنوانے کے خوف میں وہ بار بار ریورس سوئپ سے گریز کرتے ہیں اور رہے دلشن اسکوپ تو وہ بھی کم دکھائی دینے لگے ہیں۔

پاکستانی کپتان یہ بھی کہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز ٹیسٹ اور ون ڈے کے مقابلے میں اس بیس اوورز والی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرتے ہیں۔

یہ بات غلط نہیں ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ زیادہ تر پاکستانی کرکٹرز گلی محلہ کرکٹ کھیل کر اوپر آتے ہیں اور وہ ٹینس بال ہو یا ٹیپ بال ، اس مختصر دورانیئے کی کرکٹ کو اپنے اندر سمولیتے ہیں اور جب انہیں اس ٹی ٹوئنٹی کی شکل میں بین الاقوامی کرکٹ یا مختلف تجارتی لیگ میں کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو ان کے طوفان کو روکنے والا کوئی نہیں ہوتا۔

پاکستان کی گلی محلہ اور کلب کرکٹ پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ سے زیادہ منظم رہی ہے۔ آسٹریلیا میں صورتحال مختلف ہے وہاں کی فرسٹ کلاس کرکٹ اتنی موثر ہے کہ جب کرکٹر ٹیسٹ کرکٹ میں آتا ہے تو اسے کوئی خاص فرق محسوس نہیں ہوتا۔

وقت کے ساتھ ساتھ کرکٹرز اس ٹی ٹوئنٹی میں سمجھداری کے پہلو تلاش کرنے لگے ہیں لیکن تماشائیوں کو تمیز سے میچ دیکھنا بہرحال نہیں سکھایا جاسکتا۔ موسیفی کے بے ہنگم شور میں شرٹس کو فضا میں لہراتے ناچتے گاتے شورمچاتے تماشائی اور چیئرلیڈرز کے ٹھمکے۔

روایت پسند انگریزوں کی ایک ردھم میں منظم تالیاں اب صرف انگلینڈ کے ٹیسٹ میچوں میں ہی دکھائی دیتی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔