ناقابلِ تسخیر رہنے کی صلاحیت ہے: سیمی

آخری وقت اشاعت:  منگل 25 ستمبر 2012 ,‭ 13:32 GMT 18:32 PST

میں بہت پر اعتماد ہوں کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں آخر تک جا سکتے ہیں: ڈیرن سیمی

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے انگلستان کو خبردار کیا ہے کہ ان کی ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں ’ناقابلِ تسخیر‘ رہنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

موجود ٹی ٹوئنٹی دفاعی چیمپیئن انگلستان جمعرات کے روز پالی کیلے میں سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کا مقابلہ کر رہا ہے۔

ویسٹ انڈیز کپتان نے بی بی سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میں بہت پر اعتماد ہوں کہ ہم اس ٹورنامنٹ میں آخر تک جا سکتے ہیں۔‘

’جب ہم کیریبیئن سے نکلے تھے تو ہمارے ذہن میں ایک ہی ہدف تھا، ورلڈ ٹی ٹونٹی جیتنا۔‘

ویسٹ انڈیز اپنے پہلے میچ میں آسٹریلیا سے سترہ رنز سے ہار گیا تھا، لیکن اس میچ کے دوران بارش ہو گئی تھی اس لیے فیصلہ ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت ہوا تھا۔ پیر کے روز ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کو شکست دی تاہم یہ میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا۔

سیمی کو اس بات کی پروا نہیں ہے کہ ان کی ٹیم اب تک کوئی بھی مکمل میچ نہیں کھیل سکی: ’ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ہم اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کھیلیں تو ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔‘

’ہم نے ابھی تک کوئی میچ پورا نہیں کھیلا، لیکن (دو ہزار دس میں) ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلستان نے بھی گروپ کے مرحلے تک کوئی میچ نہیں جیتا تھا اور اس کے بعد انھوں نے کپ جیت لیا۔‘

"امید ہے کہ جب ہم گھر واپس جائیں گے تو کیریبیئن کے تمام شائقین اسی طرح ایرپورٹ پر آ کر ہمارا استقبال کریں گے جیسے انھوں نے دو ہزار چار میں کیا تھا۔"

ڈیرن سیمی

ادھر آج سری لنکا کے شہر کینڈی کے پالی کیلے سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹی ٹونٹی کا میچ کھیلا جا رہا ہے جس میں اس بات کا فیصلہ ہو گا کہ سپر ایٹ مرحلے کے لیے کون سی ٹیم کوالیفائی کرتی ہے۔

ویسٹ انڈین کپتان نے تسلیم کیا کہ ان کی ٹیم ماضی میں بڑے کرکٹ ٹورنامنٹوں میں مثالی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے، لیکن انھوں نے دعویٰ کیا کہ وہ حالیہ ٹورنامنٹ میں اس رجحان کو بدلنے کی کوشش کریں گے۔

’دو ہزار چار (میں آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی جیتنے) کے بعد سے ہمیں کوئی کپ جیتے ہوئے خاصا عرصہ گزر گیا ہے۔ ہم ہر میچ کو اہم سمجھ کر کھیلیں گے۔‘

’امید ہے کہ جب ہم گھر واپس جائیں گے تو کیریبیئن کے تمام شائقین اسی طرح ایرپورٹ پر آ کر ہمارا استقبال کریں گے جیسے انھوں نے دو ہزار چار میں کیا تھا۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔