ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو ہرا دیا

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 27 ستمبر 2012 ,‭ 17:42 GMT 22:42 PST

گیل نے سمت پٹیل کے ایک اوور میں تین چھکے لگائے

سری لنکا میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کے سپر ایٹ مرحلے میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پندرہ رنز سے شکست دے دی ہے۔

ویسٹ انڈین ٹیم اوپنرز کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اناسی رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

جواب میں انگلش ٹیم چار وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چونسٹھ رنز ہی بنا سکی۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب پہلے ہی اوور میں اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تاہم ایلکس ہیلز اور اوئن مورگن نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے سو رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔

ہیلز ارسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مورگن اکہتر رن پر ناٹ آؤٹ رہے لیکن اپنی ٹیم کو فتح یاب نہ کروا سکے۔

پالیکلے میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جسے کرس گیل اور جانسن چارلس نے صحیح ثابت کیا۔ ان دونوں بلے بازوں نے تقریباً دس رنز فی اوور کی اوسط سے بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو ایک سو تین رنز کا آغاز فراہم کیا۔

کرس گیل جو اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے مشہور ہیں، جمعرات کو بھی فارم میں نظر آئے اور انہوں نے صرف انتیس گیندوں پر نصف سنچری بنائی جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

جانسن نے ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں اپنی پہلی نصف سنچری بھی مکمل کی اور چھپن گیندوں پر دس چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے اٹھاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹیون فن، ڈرن بیخ، گریم سوان اور کپتان سٹورٹ براڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ویسٹ انڈیز کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ آئرلینڈ سے اس کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔

انگلینڈ نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو ایک سو سولہ سے ہرایا تھا لیکن بھارت کے خلاف میچ میں اس کی ٹیم صرف اسّی رنز بنا سکی تھی اور اسے نوّے رنز سے شکست ہوئی تھی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔