اوپنرز اور ہسی کی وکٹوں پر نظر تھی:حفیظ

آخری وقت اشاعت:  منگل 2 اکتوبر 2012 ,‭ 18:21 GMT 23:21 PST

نظریں دونوں اوپنرز واٹسن اور وارنر کے علاوہ مائیکل ہسی کی وکٹوں پر مرکوز تھیں:محمد حفیظ

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں حریف بولرز پر قیامت ڈھانے والے آسٹریلوی اوپنرز شین واٹسن اور ڈیوڈ وارنر کے بیٹ بالآخر خاموش ہوگئے اور یہ کام پاکستانی اسپنرز نے کردکھایا۔

واٹسن جو اس ایونٹ میں مسلسل چار مین آف دی میچ ایوارڈز حاصل کرچکے تھے صرف آٹھ رنز بناکر رضا حسن کو ان کے کیریئر کی بہت بڑی خوشی دے گئے اور کپتان محمد حفیظ نے ڈیوڈ وارنر کو آٹھ ہی کے سکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔

کپتان محمد حفیظ کہتے ہیں کہ پاکستانی ٹیم کی نظریں دونوں اوپنرز واٹسن اور وارنر کے علاوہ مائیکل ہسی کی وکٹوں پر مرکوز تھیں کیونکہ یہی وہ تین بیٹسمین ہیں جو آسٹریلیا کے لیے بڑے سکور کی وجہ بنے رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہےکہ آسٹریلیا کے خلاف جب وہ دبئی میں کھیلے تھے تو اس وقت بھی آسٹریلوی مڈل آرڈر بیٹنگ پاکستانی اسپنرز کے سامنے مشکل میں دکھائی دی تھی اور اس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ابھی تک ان تینوں کی وجہ سے مڈل آرڈر بیٹنگ کو موقع نہیں ملا تھا لہذا انہیں یقین تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم دونوں اوپنرز اور مائیکل ہسی کو جلد آؤٹ کر لیتی ہے تو مڈل آرڈر بیٹنگ کو قابو میں کیا جاسکتا ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وکٹ اور پاکستانی بولنگ اٹیک کو ذہن میں رکھتے ہوئے وہ ایک سو پچاس رنز کو اچھا سکور سمجھ رہے تھے۔

پاکستانی کپتان نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے ناصر جمشید اور رضا حسن کی صلاحیتوں کے معترف رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناصرجمشید اسوقت تیکنیکی طور پر سب سے بہترین اوپنر ہیں جبکہ رضا حسن نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ بولنگ کی ہے اسی وجہ سے انہیں ان پر بھروسہ تھا کہ وہ پاکستان سے جب بھی کھیلیں گے ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

اس سوال پرکہ کیا آپ کے ذہن میں تھا کہ آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پہنچنے سے روکنے کے لیے اسے ایک سو بارہ رنز سے پہلے محدود کردیا جائے؟ حفیظ کا کہنا ہے کہ ذہن میں پہلی بات تو صرف جیت کی تھی اور پھر کوشش تھی کہ جتنے بھی اچھے مارجن سے جیت ممکن ہوسکے وہ حاصل کی جائے۔

عبدالرزاق کی ٹیم میں شمولیت کے بارے میں حفیظ کہتے ہیں کہ اس ٹیم میں ہر کھلاڑی میچ ونر ہے اور صورتحال کے مطابق جب ضرورت محسوس ہوئی تو انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔