بلااجازت گلوز بدلنے پر عمر اکمل کو جرمانہ

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 5 اکتوبر 2012 ,‭ 20:55 GMT 01:55 PST

عمر اکمل نے اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے معافی مانگ لی

آئی سی سی نے پاکستانی بلے باز عمر اکمل پر سری لنکا کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ کر دیا ہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جمعرات کو میچ کے دوران عمر اکمل دوسرے درجے کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس کا تعلق کھیل کی روح کے منافی عمل سے ہے۔

یہ واقعہ پاکستانی اننگز کے سترہویں اوور میں پیش آیا تھا جب عمر اکمل نے امپائروں کے منع کرنے کے باوجود اپنے گلوز تبدیل کر لیے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عمر اکمل نے ان پر لگایا گیا الزام قبول کیا ہے اس لیے اب اس سلسلے میں مزید انضباطی کارروائی ضروری نہیں۔

آئی سی سی کے میچ ریفریوں کے ایلیٹ پینل کے رکن جیف کرو کے مطابق ’امپائر کا احترام لازمی عمل ہے اور ہم ہمیشہ اس پر زور دیتے اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں ’عمر اکمل نے واضح طور پر دونوں امپائروں کی درخواست کا لحاظ نہیں کیا جو کہ ایک بین الاقوامی کرکٹر سے قابلِ قبول نہیں اور کھیل کی روح کے خلاف ہے اس لیے ان پر دوسرے لیول کا جرمانہ کیا گیا ہے‘۔

جیف کرو کے مطابق عمر اکمل نے اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے معافی مانگی اور اپنے عمل پر نادم ہوئے‘۔

خیال رہے کہ اس میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو سولہ رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔