جے وردھنے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے دستبردار

آخری وقت اشاعت:  پير 8 اکتوبر 2012 ,‭ 19:24 GMT 00:24 PST
مہیلا جے وردھنے

جے وردھنے نے انیس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سری لنکا کی ٹیم کی قیادت کی جن میں سے بارہ جیتے، چھ ہارے اور ایک ٹائی ہوا

مہیلا جے وردھنے نے سری لنکن ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل کے اختتام پر پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دینے کے بعد مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑ رہے ہیں اور اس بارے میں انہوں نے سلیکٹرز کو اس ٹورنامنٹ سے قبل ہی مطلع کردیا تھا اور انہوں نے بھی ان کا یہ فیصلہ قبول کرلیا ہے۔

مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سری لنکا کی کرکٹ آگے کی طرف قدم بڑھائے اور نوجوان قیادت سامنے آئے اور اسے ذمہ داری نبھانے کا موقع ملے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی نہ جیتنے کا انہیں بہت دکھ ہےT اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ سری لنکا کی ٹیم چار بڑے فائنلز کھیلی ہے لیکن جیت سے محروم رہی ہے۔

جے وردھنے نے کہا کہ انہوں نے دسمبر میں آسٹریلیا کے دورے تک کپتانی قبول کی تھی اور اس کے بعد وہ سوچیں گے کہ انہیں کیا کرنا ہے۔

واضح رہے کہ مہیلا جے وردھنے اسوقت تینوں فارمیٹس میں سری لنکا کے کپتان ہیں۔

مہیلا جے وردھنے سے جب پوچھا گیا کہ کیا عام کھلاڑی کی حیثیت سے آپ ٹی ٹوئنٹی کھیلتے رہیں گے تو ان کا جواب تھا کہ اس کا انحصار نئے کپتان پر ہوگا کہ وہ انہیں اپنی ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں یا نہیں؟

جے وردھنے نے چوالیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں سری لنکا کی نمائندگی کی اور ایک سنچری اور سات نصف سنچریوں کی مدد سے بارہ سو چوبیس رنز سکور کیے۔

انہوں نے انیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکن ٹیم کی قیادت کی جن میں سے بارہ جیتے چھ ہارے اور ایک ٹائی ہوا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔