ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ویسٹ انڈیز نے جیت لیا

آخری وقت اشاعت:  اتوار 7 اکتوبر 2012 ,‭ 13:18 GMT 18:18 PST
ویسٹ انڈیز کی ٹیم

ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے میزبان ٹیم سری لنکا کو فائنل میں شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

کولمبو میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو چھتیس رن سے ہرا دیا ہے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم اٹھارہ عشاریہ چار اوورز میں آؤٹ ہو گئی۔

سری لنکا کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین دلشان تھے جو رام پال کا نشانہ بنے۔ انہوں نے کوئی رن نہیں بنایا۔ اِس کے بعد سنگاکارا بائیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین میتھوس صرف ایک رن بنا سکے۔ مینڈس اور پریرہ نے تین تین رن بنائے۔ کُلاسیکرا نے میچ میں اُس وقت دلچسپی پیدا کر دی جب انہوں نے صرف تیرہ گیندوں پر چھبیس رن بنا ڈالے لیکن اُن کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی امیدیں تقریباً ختم ہو گئیں۔

کلِک میچ کا تفضیلی سکور کارڈ

اِس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹ کے نقصان پر 137 رن بنائے ہیں۔

اِس طرح سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 138 رن کا ہدف ملا تھا۔

ویسٹ انڈیز کی اننگ میں پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چارلس تھے جنھوں نے کوئی رن نہیں بنایا۔ انہیں کُلاسیکرا نے آؤٹ کیا۔ جبکہ کرس گیل مینڈس کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کو کرس گیل سے بہت امیدیں تھیں لیکن وہ صرف تین رن بنا سکے۔ سیمیوئل نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے صرف چھپن گیندوں پر اٹھہتر رن بنائے۔ انہیں دننجے نے آؤٹ کیا۔

مہیلا جے وردھنے نے فائنل ہارنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے

ویسٹ انڈیز کے دوسرے قابل ذکر کھلاڑی ڈیرن سیمی تھے جنہوں نے پندرہ گیندوں پر چھبیس رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

اِس سے پہلے ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں آسٹریلیا جبکہ سری لنکا پاکستان کو ہرا کر فائنل میں پہنچا تھا۔

ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اُن کی ٹیم یہ میچ جیت جائے گی۔

جبکہ سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے کہا کہ انہیں وکٹ اچھی لگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا میچ ہے جو سری لنکا میں کھیلا جا رہا ہے اور سری لنکا کے عوام کو اپنی ٹیم سے بہت زیادہ امیدیں ہیں۔

مہیلا جے وردھنے نے میچ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ وہ سری لنکا کی ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہو رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی۔ سری لنکا نے رنگانہ ہیراتھ کی جگہ سپینر اکیلا دننجے کو کھلانے کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا کے شین واٹسن کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے دوران بہترین کارکردگی پر ’مین آف دی ٹورنامنٹ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 249 رنز بنائے۔ وہ سب سے زیادہ چھکے لگانے والوں اور سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔ انہوں نے کل 15 چھکے لگائے اور گیارہ وکٹیں حاصل کیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔