سچن کے لیے’ آرڈر آف آسٹریلیا‘ اعزاز

آخری وقت اشاعت:  منگل 16 اکتوبر 2012 ,‭ 13:07 GMT 18:07 PST
سچن تندولکر

سچن تندولکر کو بھارت کے سب سے بڑے اعزاز بھارت رتن دیے جانے کی مانگ بھی کی جاتی رہی ہے۔

بھارت کے معروف کرکٹرسچن تندولکر کوآسٹریلیا کے باوقار 'آرڈر آف آسٹریلیا' اعزاز سے نوازا جائے گا۔

اس بات کا اعلان بھارت کے دورے پر آئیں آسٹریلیا کی وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے کیا ہے۔

یہ اعزاز آسٹریلیا کے کسی شہری یا کسی غیر ملکی شخص کو کسی شعبے میں نمایاں کارکردگی کے لیے دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں سچن تندولکر کو بھارتی پارلیمان کے ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا کا رکن بھی نامزد کیا گیا ہے۔

انتالیس سالہ سچن کے نام کرکٹ کے کئی ریکارڈز ہیں جن میں سب سے زیادہ رن اور سب سے زیادہ سنچری بنانے کا اعزاز بھی شامل ہے۔

سچن تندولکر فی الحال جنوبی افریقہ میں جاری ٹی ٹوئنٹی چیمپیئنز لیگ کے مقابلوں میں آئی پی ایل ٹیم ممبئی انڈین کی جانب سے حصہ لے رہے ہیں۔

سابق اٹارنی جنرل سولي سورابجي کے بعد تندولکر دوسرے بھارتی شخص ہیں جنہیں آسٹریلیا کی جانب سے یہ اعزاز مل رہا ہے۔

سولی سوراب جی کو دو ہزار چھ میں قانون کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے کے لیے آرڈر آف آسٹریلیا کا اعزاز دیا گیا تھا۔

نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم جولیا گیلارڈ نے کہا ’کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو آسٹریلیا اور بھارت کو جوڑتا ہے اور یہ دونوں ہی ملک کرکٹ کےدیوانے ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ سچن تندولکر کو آرڈر آف آسٹریلیا کا رکن بنایا جا رہا ہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کرکٹر برائن لارا کو سنہ دو ہزار نو میں اس اعزاز سے نوازا گیا تھا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔