تعلقات بحال، پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی

آخری وقت اشاعت:  منگل 30 اکتوبر 2012 ,‭ 12:23 GMT 17:23 PST
پاکستانن اور انڈیا

پاکستان نے سنہ دو ہزار سات میں آخری مرتبہ بھارت کا دورہ کیا تھا

بھارتی حکومت نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے دورے کی اجازت دیدی ہے۔ دونوں ملک بائیس دسمبر سے سات جنوری تک پانچ میچوں کی سیریز کھیلیں گے۔

سیریز میں تین ایک روزہ اور دو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشل میچ کھیلے جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو باضابطہ طور پر نہیں بتایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں باضابطہ طور پر بتایا جائے گا تو پاکستان کرکٹ بورڈ اس پر مثبت ردعمل ظاہر کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ کرکٹ تعلقات میں ایک تعطل تھا جو اب بالاخر ختم ہو رہا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے کرکٹ تعلقات کی بحالی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے اور اپنے انڈیا کے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے بھارتی وزیر اعظم سے بھی اس سلسلے میں بات چیت کی تھی۔

کلِک ہمیں ابھی باضابطہ طور پر نہیں بتایا گیا: ذکا اشرف

پانچ میچوں کی سیریز بائیس دسمبر سے شروع ہو کر سات جنوری تک جاری رہے گی۔ یہ میچ چنائی، دہلی، کالکتہ، احمد آباد اور بنگور میں کھیلے جائیں گے۔

بھارت کے پاکستان کا دورے کرنے کے حوالے سے کرکٹ بورڈ کے صدر نے کہا کہ دونو ں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کے بعد اس سلسلے میں بات چیت ہو گی۔

پاکستان نے آخری مرتبہ سنہ دو ہزار سات میں بھارت کا دورہ کیا تھا لیکن نومبر دو ہزار آٹھ میں ممبئی پر حملے کے بعد کرکٹ کے رشتے بھی منقطع کر دیے گئے تھے۔ تب سے کئی مرتبہ بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں تو دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے ہوئے لیکن باہمی سیریز نہیں ہوئی۔

منگل کو دلی میں وزارت داخلہ کے اعلی اہلکاروں سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر اور بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ یہ سیریز سات جنوری تک کھیلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ کے اہلکاروں سے سکیورٹی کے معاملات اور اس بارے میں بات چیت ہوئی کہ میچ کن کن شہروں میں ہوں گے اور کیا کیا تیاریاں کرنے کی ضرورت ہے۔

وزارت داخلہ کا پورا تعاون مل رہا ہے اور بہت اچھا دورہ ہوگا جو دسمبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوگا اور سات جنوری تک جاری رہے گا۔ میچ دلی، کلکتہ، چنئی، بنگلور اور احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔

فی الحال انگلینڈ کی ٹیم بھارت کا دورہ کر رہی لیکن وہ کرسمس منانے کے لیے بائیس دسمبر کو واپس چلی جائے گی اور پھر دورہ پورا کرنے کے لیے گیارہ جنوری کو لوٹےگی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔