بھارتی سکواڈ میں یوراج، ہربھجن کی واپسی

آخری وقت اشاعت:  پير 5 نومبر 2012 ,‭ 10:11 GMT 15:11 PST
یووراج سنگھ اور رینا

چھٹے نمبر کے لیے رینا اور یووراج میں مقابلہ تھا۔

بھارت کی کرکٹ سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی دو میچوں کے لیے پندرہ رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

کینسر سے نجات پانے کے بعد آل راؤنڈر یوراج سنگھ ٹیسٹ ٹیم میں بھی واپس آ گئے ہیں۔

ان کے علاوہ سپنر ہربھجن سنگھ اور فاسٹ بالر ایشانت شرما بھی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹیم میں چھٹے نمبر کے لیے سلیکشن کمیٹی کے سامنے سریش رائنا اور یوراج سنگھ میں سے ایک کو منتخب کرنے کا موقع تھا اور کمیٹی نے یوراج کو رائنا پر ترجیح دی۔

اس کی وجہ مقامی کرکٹ میں یووراج سنگھ کی زبردست فارم ہے۔ حال ہی میں انہوں نے دليپ ٹرافی میں شاندار ڈبل سنچری بنائی تھی۔

آف اسپنر ہربھجن سنگھ کو منتخب کر کے بورڈ نے اشارہ دیا ہے کہ آنے والی سیریز میں سپنرز کا کردار اہم ہوگا۔ ہربھجن کے علاوہ رام چندر ایشون اور پراگیان اوجھا بھی پندرہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

ہربھجن سنگھ

ہربھجن سنگھ کافی دنوں سے ٹیم سے باہر تھے۔

ٹیم انڈیا میں نئے کھلاڑی اجنکیا رہانے، مرلی وجے اور چیتیشور پجارا کو بھی ابتدائی پندرہ کھلاڑیوں میں جگہ ملی ہے۔

انگلینڈ نے بھارت کو آخری بار بھارت میں تیس سال قبل انیس سو چوراسی کی سیریز میں شکست دی تھی۔

انگلش ٹیم اپنے حالیہ دورے میں چار ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ میچ پندرہ نومبر سے بھارت کے مغربی شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم مہندر سنگھ دھونی (کپتان)، وریندر سہواگ، گوتم گمبھیر، چیتیشور پجارا، سچن تندولکر، ویرات کوہلی، یوراج سنگھ، اجنكيا رہانے، رام چندر ایشون، پراگیان اوجھا، ہربھجن سنگھ، ظہیر خان، امیش یادو، ایشانت شرما اور مرلی وجے پر مشتمل ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔