پرتھ ٹیسٹ: جنوبی افریقہ تین سو نو رنز سے کامیاب

آخری وقت اشاعت:  اتوار 2 دسمبر 2012 ,‭ 09:21 GMT 14:21 PST

اے بی ڈویلیئرز نے اکیس چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ایک سو انہتر رنز بنائے

جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں تین سو نو رنز سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے یہ ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔

جنوبی افریقہ اس وقت دنیا کی بہترین ٹیسٹ ٹیم ہے۔

مہمان ٹیم نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے دوسری اننگز میں چھ سو بتیس رنز کا ہدف دیا تھا مگر آسٹریلوی ٹیم تین سو بائیس رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔

اس سے پہلے چوتھے روز کے آغاز پر آسٹریلیا کو یہ میچ جیتنے کے لیے مزید پانچ سو بانوے رنز کی ضرورت تھی اور دوسری اننگز میں اس کی تمام وکٹیں باقی تھیں۔

آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ڈیل سٹین اور رابن پیٹرسن نے تین تین جبکہ مورنی مورکل اور ورنن فلینڈر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم دوسری اننگز میں پانچ سو انسٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی دوسری اننگز کی خاص بات ہاشم آملہ اور اے بی ڈویلیئرز کی شاندار سنچریاں تھیں۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز ہاشم آملہ نے دوسری اننگز میں ایک سو چھیانوے جبکہ اے بی ڈویلیئرز نے ایک سو انہتر رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز میں مچل سٹارک نے چھ جبکہ مچل جانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں ایک سو تریسٹھ رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے میتھیوز ویڈ نے پہلی اننگز میں اڑسٹھ اور ہیسٹنگز نے بتیس رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی طرح آسٹریلیا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور صرف اٹھارہ رنز کے مجموعی سکور پر اس کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین نے پہلی اننگز میں چار جبکہ رابن پیٹرسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو پچیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کے بلے باز آسٹریلوی بالروں کی عمدہ بالنگ کا مقابلہ نہ کر سکے اور ان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈوپلیسس نے پہلی اننگز میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے اٹھہتر رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون نے پہلی اننگز میں تین جبکہ سٹارک اور جانسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جمعہ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان موجودہ سیریز کے پہلے دو میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔