چیمپیئنز ٹرافی: پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

آخری وقت اشاعت:  اتوار 9 دسمبر 2012 ,‭ 01:56 GMT 06:56 PST

آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں آج پاکستان نے بھارت کو تیسری پوزیشن کے لیے میچ میں دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔

پاکستان کی سرکاری ٹی وی کے مطابق پاکستان کی طرف سے پہلا گول رضوان سینئیر ، دوسرا شفقت رسول اور تیسرا محمد عمران نے کیا۔

2004 کے بعد پاکستان نے پہلی دفعہ چیمپیئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔

اس سے پہلے چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیدرلینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا تھا۔

پاکستان نے اولمپک چیمپیئن جرمنی کو کوارٹر فائنل میں شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا جبکہ بھارت نے بیلجئیم کو شکست دی کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ ہر سال دنیا کی بہترین ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتا ہے اور اس کا آغاز پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سنہ انیس سو اٹھہتر میں کیا تھا۔

پاکستان اب تک تین بار چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیت چکا ہے جبکہ آسٹریلیا بارہ، جرمنی نو اور نیدرلینڈ آٹھ بار چیمپیئنز ٹرافی حاصل کر چکے ہیں۔

اتوار کو ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔ میچ کا فیلصہ اضافی وقت میں ہوا۔

دونوں ٹیمیں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ پہلے ہاف میں ایک ایک گول سے برابر تھا۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے مزید ایک ایک گول کیا تاہم مقررہ وقت تک میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا جس میں نیوزی لینڈ نے فیصلہ کن گول کر کے مقابلہ جیت لیا۔

اتوار کو پانچویں اور چھٹی پوزیشن کے لیے کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بیلجیم نے سخت مقابلے کے بعد جرمنی کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرا دیا۔

اس میچ کے پہلے ہاف میں بیلجیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف کے پانچویں منٹ میں جرمنی نے پہلا گول کیا تاہم کچھ دیر بعد بیلجیم نے تیسرا گول کر دیا۔

جرمنی نے دوسرے ہاف میں دو گول کے خسارے کے باجود ہمت نہ ہاری اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دو گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔

جرمنی نے میچ کا وقت ختم ہونے سے دس منٹ پہلے بیلجیم کے خلاف چوتھا گول کر کے پہلی بار سبقت حاصل کی تاہم میچ ختم ہونے سے صرف دو منٹ پہلے بیلجیم نے پنالٹی سٹروک کے ذریعے گول کر کے مقابلہ پھر سے برابر کر دیا۔

مقررہ وقت تک میچ چار چار گول سے برابر ہو گیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کو اضافی وقت دیا گیا۔

اضافی وقت میں بیلجیم نے پانچواں گول کر کے نہ صرف میچ جیتا بلکہ ٹورنامنٹ میں پانچویں پوزیشن بھی حاصل کی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔