’کک بھی تندولکر کےمعیار پر پہنچ سکتے ہیں‘

آخری وقت اشاعت:  پير 10 دسمبر 2012 ,‭ 16:31 GMT 21:31 PST

ایلسٹر کک انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سینچریاں سکور کر چکے ہیں

انگلینڈ کے سابق کپتان گراہم گوچ کے خیال میں انگلینڈ کے موجودہ کپتان ایلسٹر کک سچن تندولکر اور رکی پونٹنگ جتنے رنز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ستائیس سالہ ایلسٹر کک انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ سینچریاں بنانےکا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔

ایلسٹر کک نے کولکتہ میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میں تیئسویں سینچری سکور کی۔

انتالیس سالہ سچن تندولکر اس وقت اکاون ٹیسٹ سینچریاں سکور کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر چکے ہیں۔ سچن تندولکر ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں میں سینچریوں کی سنچری مکمل کر چکے ہیں۔

گراہم گوچ سمجھتے ہیں کہ کسی بیٹسمین کی عمر میں ستائیس سے پینتیس سال کی عمر انتہائی اہم ہوتی ہے۔ گراہم گوچ کے خیال میں ستائیس سالہ ایلسٹر کک ابھی تک اپنی بیٹنگ کے عروج پر نہیں پہنچے ہیں اور اپنے کھیل کو مزید بہتر کر سکتے ہیں۔

ایلسٹر کک انڈیا کے دورے کے دوران انتہائی عمدہ بیٹنگ کر رہے ہیں اور ممبئی اور کولکتہ میں سینچریاں سکور کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر چکے ہیں۔

ایلسٹر کک سات ہزار ایک سو تین رنز بنا کر انگلینڈ کی طرف سے سب سے زیادہ رنز بنانے والےکھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ انگلش بیٹسمینوں میں سے گراہم گوچ نے صرف ایلسٹر کک سے زیادہ رنز سکور کیے ہیں۔

گراہم گوچ سمجھتے ہیں کہ ایلسٹر کک کے سچن تندولکر کےدرجے کے بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے کئی عوامل اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایلسٹر کک نے اپنی فٹنس اور کھیل کو جاری رکھنے کی خواہش کو زندہ رکھا تو پھر وہ بھی اسی بلندی پر پہنچ سکتے ہیں جہاں سے رکی پونٹنگ نے کرکٹ کو خیرباد کہا ہے۔

گراہم گوچ نے ایلسٹر کک کی بطور بیٹسمین تربیت میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ گوچ کہتے ہیں کہ ایلسٹر کک موجودہ پوزیشن تک پہنچنے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔

انگلینڈ نے اگر ناگپور ٹیسٹ میں فتح یا میچ کو برابری پر ختم کرنے میں کامیابی حاصل کر لی تو اٹھائیس سالوں میں یہ کسی انگلش ٹیم کی انڈیا کی سرزمین پر پہلی سیریز فتح ہو گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔