’فیفا چیٹالو کے کارنامے کا بھی اعتراف کرے‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 14 دسمبر 2012 ,‭ 16:20 GMT 21:20 PST
زیمبیا کے کھلاڑی گاڈ فری چیٹالو

گاڈ فری چیٹالو نے ایک سال میں 107 گول کیے

زیمبیا کی فٹبال ایسوسی ایشن (ایف اے زیڈ) نے کہا ہے کہ وہ فٹ بال کے عالمی ادارے فیفا سےگاڈفری چیٹالو کے ایک سال کے دوران ایک سو سات گول کرنے کے کارنامے کو منظوری دینے کے لیے سفارش کرے گی۔

زیمبیا نے یہ معاملہ ارجنٹینا کے مشہور کھلاڑی لیونل میسی کی جانب سے فٹبال کے کلینڈر ایئر میں پچاسی گول کا ریکارڈ توڑنے کے بعد اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ بارسلونا کلب کی جانب سے کھیلنے والے میسی سنہ دو ہزار بارہ میں اب تک اٹھاسی گول کر چکے ہیں۔

ایف اے زیڈ کے ترجمان ایرک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے پاس اس بات کا ثبوت موجود ہے جس کے تحت چٹالو کے ریکارڈ کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔

انھوں نے کہا ’ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گاڈفری چیٹالو کے کارنامے کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں کہ انھوں نے واقعی اتنے گول کیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے کہ گاڈفری چیٹالو کے اس کارنامے کو ابھی تک تسلیم کیوں نہیں کیا گیا اور ہم اسی بات پر غور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ’ہم فیفا کے سیکرٹری جنرل جیروم والکی سے گاڈفری چیٹالو کے معاملے میں از سر نو غور کرنے کے لیے رابطہ کر رہے ہیں۔‘

فٹ بال سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد چیٹالو نے زیمبیا کی فٹ بال ٹیم کی کوچنگ بھی کی۔

گاڈفری چیٹالو سینیگال کے خلاف عالمی کپ کے کوالیفائی راؤنڈ کا میچ کھیلنے جا رہے تھے جب ان کا جہاز حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔

اس حادثے کے نتیجے میں انیس افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیمبیا کے اٹھارہ کھلاڑی بھی شامل تھے۔

ایف اے زیڈ کے ترجمان ایرک کے مطابق گاڈفری چیٹالو نے سنہ انیس سو بھہتر کے سیزن میں نواسی گول کیے تھے۔

انھوں نے کہا کہ چیٹالو نے سنہ انیس سو بھہتر میں ایک سو سات گول کیے جن میں افریقی کلب چیمپیئن شپ کے میچ کے ساتھ قومی ٹیم کے میچ اور بین الاقوامی سطح کے دوستانہ میچ بھی شامل ہیں۔‘

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔