میلبرن ٹیسٹ، سنگاکارہ کے دس ہزار رن مکمل

آخری وقت اشاعت:  بدھ 26 دسمبر 2012 ,‭ 11:13 GMT 16:13 PST
سنگکارا

سنگکارا نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رن مکمل کر لیے

آسٹرلیا کے شہر میلبرن میں آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا کے ایک سو چھپّن رن کے جواب میں آ‎سٹریلیا نے تین وکٹ پر ایک سو پچاس رن بنا لیے ہیں۔

جب میچ ختم ہوا تو آل راؤنڈر شین واٹسن تیرہ اور کپتان مائیکل کلارک بیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔

آ‎سٹریلیا کی طرف سے اوپنر اڈ کون اور ڈیوڈ وارنر نے شاندار آغاز کیا اور دونوں نے پچانوے رن کی شراکت کی۔

لیکن انجیلا میتھیو کی ایک گيند پر وارنر کا کیچ پرساد نے پکڑا اور وہ باسٹھ رن بنا کر پویلین واپس ہوگئے۔

دوسری وکٹ ہافز کی گری جنہوں نے صرف دس رن بنائے۔ انہیں دلشان نے رن آؤٹ کیا۔ تیسری وکٹ کون کی گری جو چھتیس رن بنا کر پرساد کا شکار بنے۔ ان کا کیچ مہیلا جےوردنے پکڑا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر سری لنکا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکی اور پوری ٹیم صرف ایک سو چھپن رن بنا کر آؤٹ ہوگئي۔

ٹیم کے سابق کپتان سنگاکارہ واحد بلے باز تھے جنہوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اٹھاون رن کی شاندار انگز کھیلی۔

سنگاکارہ نے اس نصف سنچری کے ساتھ ہی ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے دس ہزار رن پورے کیے اور اس طرح سری لنکا کے وہ ایسے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رن بنائے ہیں۔

سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردنے اپنے ملک کے ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رن پورے کیے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے کوئی دوسرا بلے باز اس میچ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکا اور یکے بعد دیگرے اس کی وکٹیں گرتی گئیں۔

آ‎سٹریلوی بلے باز مچل جانسن نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ برڈ اور سڈل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ہوبارٹ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ایک سو سینتیس رن سے شکست دی تھی اور اس میچ میں بھی اس کی گرفت مضبوط ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔