کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کو اننگز کی شکست

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 4 جنوری 2013 ,‭ 16:01 GMT 21:01 PST

جنوبی افریقہ کے بالر فلینڈر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور ستائیس رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں میزبان ٹیم کی تین سو رنز کی برتری کے جواب میں دو سو پچھہتر بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

پہلی اننگز کی طرح نیوزی لینڈ کے بلے باز جنوبی افریقہ کے بالروں کی عمدہ بالنگ کا مقابلہ کرنے سے قاصر رہے۔

کلِک میچ کا تفصیلی سکور کارڈ

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈین براؤنلی نے دوسری اننگز میں تیرہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ایک سو نو رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے دوسرے نمایاں بلے باز برینڈم مکلم رہے، انھوں نے سات چوکوں کی مدد سے اکاون رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دوسری اننگز میں ڈیل سٹین نے تین، فلینڈر اور کیلس نے دو جبکہ مورنی مارکل اور پیٹرس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹوں کے نقصان تین سو سینتالیس رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلئیر کر دی تھی۔

جنوبی افریقہ کی اننگز کی خاص بات پیٹرسن کی عمدہ بیٹنگ رہی، انھوں نے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابلِ شکست ایک سو تین رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ اور یاک کیلس نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ اور پیٹرسن نے دوسری وکٹ کے لیے ایک سو سات رنز کی شراکت قائم کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں ٹرینٹ بولٹ، بریس ویل اور جیمز فرینکلن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں پینتالیس رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔

نیوزی لینڈ کے بلے باز جنوبی افریقہ کے بالروں کی تباہ کن بالنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

نیوزی لینڈ کے دس کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسے کو عبور نہ کر سکا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے سترہ رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فلینڈر نے پانچ، مورکل نے تین جبکہ ڈیل سٹین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ نیوزی لینڈ کا تیسرا کم ترین سکور ہے۔

حالیہ برسوں میں یہ پہلا موقع نہیں جب جنوبی افریقہ نے کیپ ٹاؤن میں کسی ٹیم کو پچاس سے کم رنز پر آؤٹ کیا ہو۔

جنوبی افریقہ نے گذشتہ برس نومبر میں کیپ ٹاؤن کے میدان پر آسٹریلیا کو سینتالیس رنز پر آؤٹ کر کے آٹھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

بدھ کو شروع ہونے والے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے بالر فلینڈر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔